جموں//مشن سٹیٹ ہڈ کے صدر سنیل ڈمپل نے جانی پور ہائی کورٹ روڈ پر ایک زبردست احتجاجی ریلی کی قیادت کی جس میں شامل لوگ ایل پی جی گیس، پٹرول، ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف احتجاج کررہے تھے اورانہوںنے بی جے پی حکومت کا پتلا نذر آتش کیا۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سنیل ڈمپل نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت ایل پی جی گیس، پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی ہے۔ڈمپل نے الزام لگایا کہ پی ایم مودی نے غریب خاندانوں کو مفت ایل پی جی سلنڈر دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن غریب خاندانوں کے کنکشن 2019 کے بعد بند کر دیے گئے ہیں اور غریب خاندان کندھوں پر خالی سلنڈر لیے ایک جگہ سے دوسری جگہوں پر، مفت ایل پی جی گیس حاصل کرنے کے لیے چلے جاتے ہیں۔ڈمپل نے الزام لگایا کہ لوگوں نے پٹرولیم مصنوعات، پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی گیس خوردنی اشیاء ، سبزیوں اور خوردنی تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف پتلے جلائے۔ڈمپل نے الزام لگایا کہ حکومت نے گزشتہ تین ماہ میں ایل پی جی گیس کی قیمت میں چار سو روپے کا اضافہ کیا ہے۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی کو جی ایس ٹی کے دائرے میں لانے کا مطالبہ کیا اور ملک کے عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرول، ڈیزل، ایل پی جی گیس کی فروخت پر سیلز ٹیکس، وی اے ٹی، ایکسائز ڈیوٹی، سرچارجز سے مستثنیٰ ہونے کے لیے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔