راجوری //خطہ پیر پنچال کے دیرہ گلی علاقہ میں فوج اور ملی ٹینٹوں کے مابین شروع ہوئے تصادم کے بعد خطہ کے دونوں سرحدی اضلاع میں سیکورٹی ہائی الڑٹ پر ہے جبکہ متعدد علاقوں میں تلاشی کارروائیاں بھی شروع کر دی گئی ہیں ۔پیر کے روز سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان دیرہ گلی علاقہ میں ایک تصادم شروع ہوا جس کے دوران ایک فوجی آفیسر سمیت 5اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تازہ جھڑپ کے بعد پورے خطہ میں سیکورٹی انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں جبکہ دونوں اضلاع کے داخلی و خارجی پوائنٹس پر چوکسی میں اضافہ ہو کردیا گیا ہے ۔سیکورٹی ایجنسیوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ گھنے جنگلات میں موجود ملی ٹینٹ دیگر علاقوں کی جانب بھی فرار ہوسکتے ہیں جبکہ مذکورہ نوعیت کی صورتحال کیساتھ نمٹنے کیلئے سیکورٹی فورسز کو متحرک رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہیں ۔