جموں//نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدردویندرسنگھ رانانے کہاہے کہ ریاست کے عوام میں پی ڈی پی۔بی جے پی مخلوط حکومت کے خلاف بیزاری میں روزبروز اضافہ ہورہاہے کیونکہ یہ حکومت عوام کی توقعات پرپورااترنے میں بری طرح سے ناکام ہوگئی ہے۔رانانے کہاکہ موجودہ ریاستی سرکارعوام کودرپیش مسائل ومشکلات کودورکرنے میں آپسی مسائل واختلافات میں اُلجھ کررہ گئی ہے جس کے نتیجہ میں ریاست میں جہاں تعمیروترقی کاعمل ٹھپ ہوکررہ گیاہے وہاں عوام بھی متعددمشکلات کی وجہ سے پریشان ہے۔ رانانے ان خیالات کااظہار نگروٹہ اسمبلی حلقہ کے توسیعی دورے کے دوران متعددمقامات پرعوام کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ رانانے کہاکہ بی جے پی اپنے سیاسی مقاصد کے لیے تفریقی سیاست کاسہارالے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ریاست جموں وکشمیرکے لوگوں نے نہایت ہی نازک اورحساس حالات کے دوران بھی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اورباہمی بھائی چارے اورمیل ملاپ کی شاندارروایات کوبرقراررکھا ۔رانانے امید ظاہر کی کہ آئیندہ بھی ریاست کے عوام ماضی کی روایات کوبرقراررکھتے ہوئے فرقہ پرست اورفاسسٹ قوتوں کے مذموم ارادوں کاناکام بنادیں گے۔اس ددورے کے دوران لوگوں نے راناکواپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا جن میں پینے کے پانی، بجلی اورآبپاشی کی ناکافی سہولیات شامل ہیں۔رانانے عوام کوتوجہ سے سنااورپیش کئے گئے مسائل کومتعلقہ حکام کی نوٹس میں لاکرحل کرنے کایقین دلایا۔