کشتواڑ //پی ڈی پی کے ضلع صدر کشتواڑ شیخ ناصر نے ریاستی وزیرِ اعلیٰ محبوبہ مفتی سے گپکار سری نگر میں اْن کی سرکاری رہائش گاہ پر ملاقات کر کے اْنہیں ضلع کشتواڑ میں لوگوں کو درپیش مسائل بارے جانکاری فراہم کی اور عوامی مطالبات پر مشتمل ایک میمورینڈم پیش کیا۔یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ شیخ ناصر نے سیاحت، صحت اور ضلع کشتواڑ کے انفراسٹریکچر پروجیکٹس سے متعلق مطالبات ریاستی وزیرِ اعلیٰ کے سامنے رکھے جن میں سنگھپورہ وائلو ٹنل کی تعمیر، جموں کشتواڑ اننت ناگ قومی شاہراہ کی ترقی اور سْدھار، کشتواڑ اور اندروال کی مختلف اندرونی سڑکوں دوندی بونجواہ سڑک ، ہورنا دربیل سڑک، سگدی روڈ ، کچھال روڈ ، تریگام روڈ، بٹیاس روڈ ، منوئی روڈ اور ٹانٹا روڈ کی تعمیر و کشادگی اور اْن پر میکڈم بچھانا،سڑک کی سہولت سے محروم ڈوڈہ و کشتواڑ اضلاع میں کے دیہات کو سڑک رابطوں سے جوڑنا،سیاحت کے فروغ کے لئے کشتواڑ فسٹیول کوسالانہ تہوار کی حیثیت دینا، پاڈر اور بونجواہ میں ڈگری کالجوں کا قیام وغیرہ شامل ہیں۔ شیخ ناصر نے کشتواڑ دچھن مڑواہ سڑک کی فوری تکمیل کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہائش پذیر ہزاروں کی آبادی کو سڑک رابطے کو سہولت فراہم ہو اور اْنہیں راحت نصیب ہو سکے۔اْنہوں نے ہائی اسکول دربیل، ہائی اسکول سگدی، ہائی اسکول تریگام اور متعدد دیگر اسکولوں کو اپ گریڈ کرکے ہائر اسکنڈری اسکولوں اور سرتھل نیابت کو تحصیل کا درجہ دینے ،دریائے چناب پر تعمیر کئے جانے والے پن بجلی پروجیکٹس کا تعمیری کام فوری طور شروع کرنے ، لوگوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے چھاترو اور بونجواہ میں سب ضلع اسپتالوں کا قیام عمل میں لانے، بونجواہ، سرتھل اور کاہراہ میں ہنگامی نگہداشت والی ایمبولینس گاڑیاں فراہم کرنے، کشتواڑ میں اسپورٹس اسٹیڈیم کی تعمیر اور کشتواڑ کے پرانے بس اسٹینڈ کی کشادگی کے مطالبات بھی ریاستی وزیرِ اعلیٰ کے سامنے رکھے۔اْنہوں نے ریاستی وزیرِ اعلیٰ سے خطہ میں لوگوں کو بجلی اور پانی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی بھی اپیل کی۔وزیراعلیٰ نے پی ڈی پی ضلع صدر کی طرف سے اْٹھائے گئے مسائل اور مطالبات کو بغور سْنا اور اْنہیں تمام مسائل کے ازالے اور مطالبات کو پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔سنگھ پورہ وائلو ٹنل کے بارے میں وزیرِ اعلیٰ نے کہا حکومت اس پروجیکٹ کو تعمیر کرنے میں انتہائی سنجیدہ ہے اور اس سلسلہ میں ضروری اقدامات اْٹھائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر تنظیمی تنظیمی امورات پر بھی تبادلہ خیالات عمل میں لایا گیا۔