بانہال//پچاس سے زائد سرپنچ اور پنچوں کی طرف سے اجتماعی استعفوں کے بعد ضلع انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی ہے اور سنیچر کے روز ضلع پنچایت افسر رام بن نے احتجاجی طور اپنا استعفیٰ پیش کرنے والے پنچائتی نمائندوں سے رامسو میں بات کی اور انہیں یقین دلایا کہ انہیں حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اتوار کے روز ضلع پنچایت افسر بانہال کا دور کے والے ہیں جہاں وہ ناراض پنچائتی نمائندوں سے بات کرینگے۔ پچھلے چند روز میں بانہال اور رامسو کے دیہی ترقیاتی بلاکوں سے تعلق رکھنے والے 17 سرپنچوں اور 37 پنچوں اور نائب پنچوں نے سرکاری انتظامیہ کی طرف سے حکومت جموں و کشمیر اور سرکاری انتظامیہ کی جانب سے مسلسل نظر انداز کرنے اور گرام سبھاوں میں مختلف محکموں کے ملازمین کی ضروری قرار دی گئی شرکت میں کو ایک مذاق قرار دیا تھا۔ انہوں نے تعمیر و ترقی کے کام کاج میں محکمہ دیہی ترقیات کے ملازمین کی بے جا مداخلت اور پنچائتی نمائندوں کے پروٹوکول کا کوئی لحاظ و پاس نہیں کرنے ، ٹینڈرز سے کام کروانے کے سرکاری احکامات کو واپس لینے اور وزیر مملکت کے دوروں کے دوران پنچایتی نمائندوں کو ملنے نہ دینے جیسے مدعوں کو لیکر اپنے استعفے بلاک ترقیاتی کونسل بانہال اور رامسو کو سونپ دیئے تھے جہاں سے یہ استعفوں کی یہ کاپیاں ضلع حکام رامبن بشمول ڈپٹی کمشنر رامبن اور ڈسٹرکٹ پنچایت افسر کو بھیج دی گئی تھیں ۔ پچاس سے زائد سرپنچوں اور پنچوں کے مستعفی ہونے کے بعد سنیچروار کو ضلع انتظامیہ حرکت میں آگئی اور فوری طور پر ضلع پنچایت افسر اشوک سنگھ کٹوچ کی قیادت میں سرکاری افسروں نے رامسو میں مستعفی ہوئے سرپنچوں قور پنچوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے ان کے جائز مطالبات کو حل کرنے کی یقین دھانی کرائی۔ اس میٹنگ میں جموں و کشمیر پنچایت کانفرنس کے ضلع صدر رام بن محمد اقبال کٹوچ کے علاہ بلاک ترقیاتی کونسل چیئرمین رامسو شفیق احمد کٹوچ اور دیگر پنچائتی نمایندے تھے۔ پنجاب کانفرنس کے ضلع صدر رامبن محمد اقبال کٹوچ نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ کہ ضلع پنچایت افسر رامبن اشوک سنگھ سے ان کی ملاقات ہوئی اور پنچائتی نمائندوں کے استعفوں کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہ ضلع پنچایت افسر رام بن اشوک سنگھ کٹوچ نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ان کے مطالبات کو بات چیت کے ذریعے حل کرینگے اور اس سلسلے میں بانہال اور رامسو کے مستعفی پنچائتی نمائندے ضلع انتظامیہ رامبن سے پیر کے روز بات چیت کے پہلے ادوار میں شرکت کرینگے۔اس سلسلے میں بات کرنے پر ضلع پنچایت افسر رام بن اشوک سنگھ کٹوچ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے سنیچروار کے روز رامسو میں ناراض سرپنچوں اور پنچوں سے ملاقات کی اور وہ اتوار کے روز اپنے عہدوں سے استعفیٰ پیش کرنے والے ناراض پنچائتی نمائندوں سے ملنے اور انہیں منانے کیلئے بانہال جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرپنچوں کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے اور ان کے مطالبات کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی ۔