بارہمولہ // بارہمولہ پولیس نے جمعرات کو رنجی پٹن میں ایک شخص کے قتل معاملے کو حل کرنے کا دعوی کیا ہے اور مقتول کی اہلیہ سمیت دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس بارہمولہ رئیس محمد نے پٹن پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رنجی کے مقام پر8 اور9 مارچ 2021 کی درمیانی رات کو الطاف احمد ملک ولد غلام رسول ملک داماد مرحوم عبدالرزاق گنائی کی لاش کو پراسرار حالت میں برآمد کیا گیا تھا ۔ بعدازاں اسے کنبہ کے افراد نے رنجی قبرستان میں دفنایا ۔جس کے بعد 22 مارچ کو مقتول کے بھائی نے انکوائری کارروائی شروع کرنے کے لئے درخواست جمع کروائی کیونکہ اس کے کنبہ کے افراد کواس کی موت سے متعلق شکوک تھے۔ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد بٹ کاکہناتھاکہ ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ کی ہدایت پرمحمدالطاف ملک کی قبرکشائی کی گئی اورنعش کاپوسٹ مارٹم جی ایم سی اسپتال بارہمولہ میں ماہرڈاکٹروں کے ذریعے کرایاگیا۔ انہوںنے مزیدکہاکہ پوسٹ مارٹم کی عبوری رپورٹ موصول ہونے پر کچھ گواہوں کے بیانات قلمبندکئے گئے ،جسکے بعدپولیس تھانہ پٹن میں 34سالہ محمدالطاف ملک کی پُراسرارموت سے متعلق ایک کیس زیرایف آئی آرنمبر62/2021تحت سیکشن302آئی پی سی درج کی گئی اوراس معاملے کی تحقیقات عمل میں لانے کیلئے ایس ڈی پی ائو پٹن کی سربراہی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ۔ ایس ایس پی نے کہا کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے اس معاملے کی باریک بینی سے چھان بین شروع کرکے اپنے تمام ذرائع اورتیکنیکی وسائل کوبھی بروئے کارلایا۔ ایس ایس پی کے مطابق چھان بین کے بعدپولیس نے متقول کی بیوی پرکڑی نظررکھی اوراسکے بارے میں چھان بین شروع کی گئی ۔انہوں نے بتایاکہ مقتول محمدالطاف ملک کی بیوی تسلیمہ بیگم کوپوچھ تاچھ کیلئے بلایا گیا،اوراُسے سخت پوچھ تاچھ کے بعد پولیس کوبڑی کامیابی ملی کیونکہ مذکورہ عورت نے پوچھ تاچھ کے دوران اسبات کاخلاصہ کردیاکہ اُس کے شوہرکی موت کیسے واقعہ ہوئی ۔ایس ایس پی کاکہناتھاکہ مذکورہ عورت نے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے زبان کھولتے ہوئے انکشاف کیاکہ اُس نے شوہر کوقتل کرنے کیلئے ایک اورشخص کیساتھ ایک ماہ قبل سازش تیارکی تھی ۔مذکورہ عورت نے بتایاکہ اُس نے سازش میں شامل غلام محمدڈار ولد محمدرمضان ڈار ساکنہ رینج پٹن کو8مارچ2021کورات دیرگئے فون کرکے سازش کوعملی جامہ پہنانے کیلئے بلایا۔ تسلیہ نامی عورت نے پولیس کوبتایاکہ اُس نے غلام محمدڈار کیساتھ ملکر اپنے شوہرمحمدالطاف ملک کو8اور9مارچ کی درمیانی رات ملکرموت کی نیندسلادیااوراُس کی نعش کوگائوخانے کے نزدیک پھینک دیاتاکہ لوگوںکودھوکہ دینے کیلئے یہ بتایاجائے کہ الطاف کی موت پھسل جانے سے ہوئی ہے ۔ایس ایس پی بارہمولہ رئیس محمد نے بتایاکہ دونوں ملزمان تسلیمہ بیگم اورغلام محمدڈار کوحراست میں لینے کیساتھ ساتھ محمدالطاف کوقتل کرنے کیلئے استعمال میں لائے گئے ہتھیار کوبھی برآمدکیا گیا۔انہوںنے بتایاکہ ملزمان کیخلاف پہلے ہی آئی پی سی کی سیکشن302کے تحت کیس درج کیاگیا ہے اور مذید تحقیقات جاری ہے ۔