پونچھ//پونچھ قصبہ کے ہاتھی تھان بازار میں شام ساڑھے پانچ بجے موبائل کی دکان میں آگ نمو دار ہوئی جس نے دیگر دو دکانوںکو بھی اپنی لپیٹ میں لیا جس کے نتیجہ میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان تباہ ہواہے ۔مقامی لوگوں نے فائر سروس عملے پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاہے کہ اگر بروقت کارروائی کی گئی ہوتی تو اتنا زیادہ نقصان نہیںہوتا۔آگ نمودار ہوتے ہی لوگوں نے فائر برگیڈ کے دفتر فون کر کے اطلاع دی لیکن گاڑی پہنچنے میں تاخیر ہوگئی جس کی وجہ سے آگ مزید پھیل گئی اور دو اور دکانیں اس کی لپیٹ میں آگئیں۔مقامی لوگوںنے اس پر حکام کے تئیں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سخت غم و غصہ کا اظہار کیاہے۔ان کاکہناتھا کہ اگر گاڑی بروقت پہنچی ہوتی تو شائد دوسری دو دکانوںکو تباہ ہونے سے بچایاجاسکتاتھا ۔ اس دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پونچھ ڈاکٹر بشارت حسین انقلابی جائے واقعہ پرپہنچے اورانہوں نے ناراض لوگوں کو یقین دلایا کہ انتظامیہ کی جانب سے ایسا طریقہ کار اختیار کیا جائے گاجس سے مستقبل میں اسطرح کی پریشانی نہیں آئے گی ۔