محتشم احتشام
پونچھ// عالمی یومِ مزدور کے موقع پر اسسٹنٹ لیبر کمشنر پونچھ نے ضلع بھر میں آگاہی کیمپوں اور فلاحی سرگرمیوں کا انعقاد کیا، جن کا مقصد مزدوروں کو ان کے حقوق، سماجی تحفظ اور سرکاری اسکیموں سے روشناس کرانا تھا۔اس دوران جہاں بس اسٹینڈ پونچھ پر محکمہ صحت کے اشتراک سے ایک بڑا طبی کیمپ منعقد کیا گیا وہی مزدور نمائندگان نے اجرت، روزگار کے تحفظ، پیشہ ورانہ سلامتی اور فلاحی اسکیموں تک رسائی سے متعلق اپنے مسائل پیش کیے، جن پر محکمہ لیبر کے حکام نے تفصیلی رہنمائی فراہم کی۔ اس موقع پر متعدد مرکزی اسکیموں کے بارے میں آگاہی دی گئی، جن میں پردھان منتری سرکھشہ یوجنا ، پردھان منتری جیون جوتی بیمہ یوجنا اور پردھان منتری شرم یوگی مندھان شامل ہیں۔
حکام نے یہ شرم پورٹل پر رجسٹریشن اور لیبر کارڈ کی اہمیت پر بھی زور دیا، جس کے ذریعے مزدور مختلف مالی، تعلیمی اور طبی فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔اسی نوعیت کا ایک اور کیمپ پرنائی ہائیڈرو پاور پروجیکٹ بفلِیاز درابہ میں بھی منعقد ہوا، جہاں مزدوروں کے ساتھ ساتھ مقامی دکانداروں اور رہائشیوں نے بھی شرکت کی۔ اس دوران حفاظتی تدابیر، حفاظتی آلات کے استعمال اور کام کی جگہ پر حادثات کی روک تھام کے حوالے سے خصوصی بیداری مہم چلائی گئی۔یومِ مزدور کی سرگرمیوں میں موقع پر رجسٹریشن، معلوماتی پمفلٹس کی تقسیم، مزدوروں اور حکام کے درمیان براہِ راست مکالمہ، اور منشیات سے پاک ماحول کے فروغ جیسے اقدامات بھی شامل رہے۔اسسٹنٹ لیبر کمشنر پونچھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ایسی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا تاکہ معاشرے کے تمام طبقات کو مساوی مواقع اور سماجی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔