پونچھ//محکمہ بجلی میں عرصہ دراز سے کام کر رہے عارضی ملازمین نے ملازمت کو مستقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ضلع پونچھ کے صدر مقام پر انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔اس احتجاج کے دوران جموں میں کام کرتے ہوئے بجلی کا کرنٹ لگے سے اپنی جان گنوانے والے ملازم کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے ملازمین نے اس کو انصاف دیئے جانے کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرین نے کہاکہ جلد از جلد اس مارے گئے ملازم کے لواحقین میں سے کسی فرد کو ملازمت دی جائے ۔ انھوں نے تمام عارضی ملازموں کی ملازمت کو بھی مستقل کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ محکمہ بجلی کے عارضی ملازمین کا کہنا تھا کہ کئی برس تک بجلی محکمہ میں کام کرنے کے باوجود انہیں آج تک مستقل نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ متعدد دفعہ انتظامیہ کی جانب ان کی ملازمت کو مستقل کیے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں کی گئی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ محکمہ بجلی کی جانب سے 2019 میں ملازمین کی ڈی پی سی کمیٹی کا اعلان کیا گیا تھا لیکن آج تک ان کے آرڈرس کو زمینی سطح پر نافذ نہیں کیا گیا۔ انھوں نے کہااس دوران محکمہ میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کی جانیں بھی گئیں، جبکہ کچھ لوگ جسمانی طور پر معذور بھی ہو گئے ہیں لیکن ابھی تک ان کو انصاف نہیں مل پایا ہے۔ملازموں کا کہنا تھا کہ کیجول لیبرزکو18ماہ سے تنخواہوں سے محروم رکھا گیا ہے جس کی وجہ سے وہ لوگ کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہیں۔انھوں نے مزید کھا کہ جموں کشمیر کا خصوصی درجہ چھین کر اسے یو ٹی بنایا گیا ہے لیکن ہندوستان کی دیگر یو ٹی کی طرح ان کو کوئی سہولت نہیں دی جا رہی ہے۔انھوں نے انتباہ دیا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کئے گئے اور ان کی بقایا تنخواہیں عید قربان سے قبل واگذار نہ کی گئی تو عید کے فورا بعد وہ کام چھوڑ ہڑتال شروع کردیں گے۔