پونچھ//ضلع پونچھ میں ہر طرف غیر اعلانیہ بجلی کٹوتی کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے جہاں عام لوگوں کو رات میں اندھیرے کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہی دوسری جانب اس سے کاروباری زندگی مفلوج ہو جاتی ہے۔سردیوں میںلوگوں کو بجلی کی زیادہ ضرورت رہتی ہے لیکن محکمہ بجلی کی طرف سے سپلائی میں غیراعلانیہ کٹوتی نے انہیںپریشان کررکھاہے اور لوڈ شیڈنگ کاسامناہے ۔یہ سلسلہ جب دن میں رہتا ہے تو تاجروں کا کاروبار بری طرح مفلوج ہوجاتا ہے۔اس سلسلہ میں پونچھ کے صنعتی بازار میں ویلڈنگ کا کام کرنے والے تاجروں نے کہاکہ بجلی نہ ہونے سے وہ لوگ دکانوں کا ماہانہ کرایہ بمشکل پیٹ کاٹ کر ادا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دن میں بجلی نہ ہونے سے ان کا کاروباری نقصان ہو رہا ہے اور جب رات کو تھک ہار کر گھر پہنچتے ہیں تو اندھیرے میں ہی کھانا کھانے پر مجبورہوناپڑتاہے ۔وہیں طلباء و طالبا ت کو بھی پڑھائی میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔ طلباء کے والدین کا کہنا ہے کہ بدترین لوڈ شیڈنگ سے ان کے بچوں کا تعلیمی نقصان ہو رہا ہے جس پر وہ فکر مند ہیں۔ لوگوں میں محکمہ بجلی کے تئیں شدید غم وغصہ پایاجارہاہے اور انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اس سلسلے میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے ۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے محکمہ بجلی کے اے ای ای نے بتایا کہ لوگ اپنے گھروں میں ہیٹر، بائیلر، گیزر اور دیگر الیکٹرانک مشینوں کا حد سے زیادہ استعمال کر رہے ہیں جس کی وجہ سے بجلی ٹرانسفارمر لوڈ نہیں اٹھاپارہے اوریہی وجہ ہے کہ لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بجلی کا ناجائز استعمال نہ کریں۔