سرینگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی نے جموں کی ایک خصوصی عدالت میں تحریک المجاہدین کے7جنگجوئوں کیخلاف فرد جرم دائر کی۔ کے این ایس کے مطابق تحریک المجاہدین کے 7جنگجو پاکستان میں مقیم اپنے آقائوں اور پونچھ وکویت میں ساتھیوں سے مل کر تخریب کاری کارروائیوں اور بھارت کیخلاف جنگ کرنے کی سازشوں کا حصہ تھے۔ این آئی اے کے ایک ترجمان نے کہاکہ انسداد دہشت گردی ایجنسی نے گزشتہ روزجموںمیں قومی تحقیقاتی ایجنسی کی ایک خصوصی عدالت میں ساتوں ملزمان ، محمد مصطفی خان، محمد یاسین، محمد فاروق، محمد ابرار، محمد جاوید خان، شیر علی اور محمد رفیع نائی عرف سلطان کیخلاف مختلف دفعات آئی پی سی، یو اے پی اے ، آرمز ایکٹ، ایکسپلوسیو سبسٹنس ایکٹ اور این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت چارج شیٹ دائر کی۔ محمد مصطفی خان کو جموں وکشمیر پولیس نے گزشتہ برس 27دسمبر کو گرفتار کیا تھا اور اس کی تحویل سے 6ہتھ گولے اور دستاویز اس کے گھر سے برآمد کئے تھے اور پونچھ ضلع کے مینڈھر پولیس تھانہ میں کیس درج کیاگیا جبکہ این آئی اے نے رواں برس مارچ میں معاملہ کی تحقیقات سنبھالی۔ کے این ایس کے مطابق تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ساتوں ملزمان پاکستان میں مقیم تحریک المجاہدین کے ذمہ داروں اور پونچھ و کویت میں اپنے ساتھیوں سے گہری مجرمانہ سازش کا حصہ تھے جو تخریبی کارروائیوںاور بھارت کیخلاف جنگ لڑنے کی کارروائیاں انجام دینا چاہتے تھے۔ عہدیدار کاکہنا ہے کہ مفرور ملزم رفیق نائی اور پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں مقیم دیگر ساتھیوں نے کویت میں مقیم شیر علی، محمد مصطفی، محمد یاسین ، محمد فاروق، محمد ابرار، محمد جاوید کے علاوہ پونچھ ضلع میں دیگر افراد نے ہتھیار و گولہ بارود، منشیات بھارتی علاقہ میں سمگل کی۔ عہدیدار کاکہنا ہے کہ انہوںنے جغرافیہ، مذہب ، ثقافت سے وابستگیوں اور حد متارکہ کے دونوں اطراف تعلقات کا فائدہ اٹھایا ۔عہدیدار نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران تحریک المجاہدین سے وابستہ بڑی تعداد میں گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد، منشیات، جھنڈے، پوسٹ اور دیگر قابل اعتراض مواد ، جو پونچھ کے متعدد مقامات پر چھاپاگیا تھا، برآمد کیاگیا۔