عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر کے کئی اضلاع میں پولیس نے میڈیا اداروں، سوشل میڈیا صارفین اور عوام کو خبردار کرتے ہوئے نئی ایڈوائزری جاری کی ہے کہ معلومات شیئر کرتے وقت ذمہ داری اور احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ حکام نے خبردار کیا کہ غلط معلومات یا افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔یہ ایڈوائزری سرینگر، بڈگام، کولگام اور دیگر اضلاع میں جاری کی گئی جہاں حکام نے زور دیا کہ غیر مصدقہ مواد کی گردش سے گریز کیا جائے کیونکہ اس سے خوف و ہراس پھیل سکتا ہے اور امن و امان متاثر ہو سکتا ہے۔
سرینگر پولیس نے میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا صارفین کو ہدایت دی کہ کسی بھی معلومات کو نشر کرنے سے پہلے اسے مستند اور قابل اعتماد ذرائع سے تصدیق کر لیں۔حکام نے خبردار کیا کہ قیاس آرائیوں، افواہوں یا غیر تصدیق شدہ خبروں کی اشاعت سے غیر ضروری خوف پیدا ہو سکتا ہے، عوامی نظم و ضبط متاثر ہو سکتا ہے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔پولیس نے واضح کیا کہ قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت غلط معلومات پھیلانے والے افراد یا اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ایڈوائزری میں کہا گیا’’سرینگر پولیس تمام شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون کریں اور ضلع میں امن، نظم و ضبط اور ہم آہنگی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں‘‘۔اسی طرح بڈگام پولیس میڈیا سیل نے بھی میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا صارفین کو ذمہ داری سے معلومات شیئر کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ کسی بھی خبر کو پھیلانے سے پہلے مستند ذرائع سے تصدیق ضروری ہے۔پولیس نے کہا کہ افواہیں یا غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے خوف و ہراس پیدا ہو سکتا ہے اور ضلع میں امن و سکون متاثر ہو سکتا ہے۔بڈگام پولیس نے یہ بھی بتایا کہ سوشل میڈیا اور دیگر میڈیا سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔کولگام پولیس نے بھی میڈیا ہاؤسز، صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر خبر دیتے وقت احتیاط برتیں اور غیر مصدقہ معلومات، افواہوں یا قیاس آرائیوں سے گریز کریں۔پولیس نے خبردار کیا کہ خوف و ہراس پھیلانے یا غلط معلومات شیئر کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔حکام نے تمام اضلاع کے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور علاقے میں امن، استحکام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھنے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔پولیس حکام نے زور دیا کہ حساس حالات میں ذمہ دارانہ صحافت اور سوشل میڈیا کا محتاط استعمال انتہائی ضروری ہے تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور عوام تک درست اور قابل اعتماد معلومات پہنچ سکیں۔