محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے بلاک منڈی کی پنچایت بیدار میں سوچھ بھارت مشن کے تحت تعمیر کیے گئے سرکاری سیگریگیشن شیڈ کی مبینہ توڑ پھوڑ کا معاملہ سامنے آیا ہے، جس کے بعد مقامی آبادی میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اس واقعے سے نہ صرف لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری املاک کو نقصان پہنچا ہے بلکہ دیہی صفائی کے نظام کو مضبوط بنانے کی حکومتی کوششوں کو بھی دھچکا لگا ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق تقریباً دو برس قبل لاکھوں روپے کی لاگت سے مذکورہ سیگریگیشن شیڈ تعمیر کیا گیا تھا تاکہ گاؤں سے جمع ہونے والے کوڑے کرکٹ کو سائنسی طریقے سے الگ کرکے ٹھکانے لگایا جا سکے۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد دیہی علاقوں میں صفائی کے مؤثر نظام کو فروغ دینا اور سوچھ بھارت مشن کے اہداف کو عملی جامہ پہنانا تھا۔
علاقہ مکینوں نے، نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، الزام عائد کیا کہ نامعلوم افراد نے دانستہ طور پر شیڈ کی دیواروں کو منہدم کرکے سرکاری املاک کو شدید نقصان پہنچایا۔ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے باعث حکومتی سرمایہ ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ گاؤں میں صفائی کے انتظامات بھی متاثر ہوئے ہیں۔مقامی لوگوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کو کئی روز گزر جانے کے باوجود متعلقہ محکموں اور انتظامیہ کی جانب سے نہ تو کسی ملزم کی شناخت کی جا سکی ہے اور نہ ہی کسی مؤثر کارروائی کی اطلاع سامنے آئی ہے، جس کے باعث عوام میں بے چینی اور ناراضگی پائی جا رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سرکاری اثاثوں کا تحفظ متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، اس لیے اس معاملے میں غفلت کسی صورت قابل قبول نہیں۔علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ دیہی ترقیات سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ دار افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ سرکاری املاک کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ لگا کر شیڈ کی جلد از جلد مرمت بھی کرائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بروقت کارروائی نہ کی گئی تو ایسے عناصر کی حوصلہ افزائی ہوگی اور عوام کا حکومتی ترقیاتی منصوبوں پر اعتماد متاثر ہو سکتا ہے۔