محتشم احتشام
پونچھ//کرشی وگیان کیندر پونچھ نے ڈائریکٹوریٹ آف ایکسٹینشن-جموں کے زیرِ اہتمام بلاک منڈی کے سوجیاں علاقے میں قومی مشن برائے قدرتی کھیتی کے تحت قدرتی کھیتی (نیچرل فارمنگ) کے موضوع پر ایک روزہ میگا تربیتی پروگرام منعقد کیا، جس میں ضلع بھر سے 125 کسانوں نے شرکت کی۔تربیتی پروگرام سکاسٹ جموں کے وائس چانسلر ڈاکٹر بی این ترپاٹھی اور ڈائریکٹر ایکسٹینشن ڈاکٹر امریش وید کی رہنمائی میں منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز چیف سائنٹسٹ و سربراہ کے وی کے پونچھ، ڈاکٹر اجے گپتا کے استقبالیہ خطاب سے ہوا۔ انہوں نے شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے قدرتی کھیتی کی اہمیت، اس کے عملی طریقوں اور پائیدار زرعی ترقی میں اس کے کردار پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ڈاکٹر اجے گپتا نے کہا کہ قدرتی کھیتی نہ صرف زمین کی زرخیزی میں اضافہ کرتی ہے بلکہ حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، پیداواری لاگت میں کمی اور ماحول دوست زرعی نظام کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ کیمیائی کھادوں پر انحصار کم کرتے ہوئے گائے کے گوبر، پیشاب اور دیگر مقامی وسائل سے تیار کردہ کم لاگت قدرتی محلولوں کو اپنائیں تاکہ صحت مند فصلوں اور محفوظ غذائی نظام کو فروغ دیا جا سکے۔اس موقع پر ڈاکٹر مشتاق گورو نے قدرتی کھیتی کے بنیادی تصورات، افادیت اور جدید زرعی تقاضوں سے ہم آہنگی پر مفصل لیکچر دیا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی کھیتی ایک کم خرچ، ماحول دوست اور پائیدار زرعی نظام ہے جو معیاری خوراک کی پیداوار کے ساتھ ساتھ زرعی وسائل کے تحفظ میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ضلعی زرعی افسر سردار ہرویندر سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین زرعی شعبے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، لہٰذا انہیں قدرتی کھیتی کی جدید تکنیکوں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں ماحول کے تحفظ اور زرعی خود کفالت کے اہداف مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔پروگرام کے اختتام پر کسانوں نے کرشی وگیان کیندر پونچھ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی تربیتی سرگرمیاں ماحول کے تحفظ، زرعی استحکام اور کسانوں کی معاشی خوشحالی کے لیے نہایت مفید ثابت ہوں گی۔