بابا غلام شاہ بادشاہ کی تعلیمات کو اتحاد، بھائی چارے اور روحانی ہم آہنگی کا سرچشمہ قرار دیا
عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے ضلع راجوری میں واقع عظیم روحانی مرکز حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ کے آستانہ عالیہ شاہدرہ شریف پر حاضری دی اور جموں و کشمیر میں پائیدار امن، استحکام، ترقی اور عوامی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، ضلع صدر راجوری سید منظور بخاری سمیت دیگر مقامی رہنما بھی موجود تھے۔دورے کے دوران پارٹی وفد نے درگاہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور درگاہ کی انتظامیہ سے ملاقات کرکے وہاں جاری انتظامی اور ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
وفد نے آستانہ عالیہ پر موجود زائرین اور عقیدت مندوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ خیرسگالی کا اظہار کیا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ ان کی شاہدرہ شریف آمد کا مقصد حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ کے آستانہ عالیہ پر حاضری دینا، روحانی فیض حاصل کرنا اور جموں و کشمیر کے عوام کی سلامتی، خوشحالی اور بہتر مستقبل کے لیے دعا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے روحانی مراکز صدیوں سے بھائی چارے، مذہبی رواداری اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ’حضرت بابا غلام شاہ بادشاہ کا مقدس آستانہ روحانیت، امن، محبت اور اخوت کی ایک روشن علامت ہے۔ ان کی تعلیمات آج بھی لوگوں کو انسانیت، باہمی احترام، ہمدردی اور اتحاد کا درس دیتی ہیں۔ ہم نے یہاں جموں و کشمیر کے ہر شہری کے لیے دائمی امن، استحکام، خوشحالی اور مسرت کی دعا کی ہے تاکہ خطہ ترقی اور بھائی چارے کی راہ پر مزید آگے بڑھے۔
اپنی پارٹی سربراہ نے شاہدرہ شریف درگاہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وقف بورڈ کی جانب سے زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو قابلِ تعریف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی اور روحانی مقامات پر بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی نہ صرف زائرین کی سہولت میں اضافہ کرتی ہے بلکہ مذہبی سیاحت کے فروغ میں بھی معاون ثابت ہوتی ہے۔انہوں نے بالخصوص جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ درگاہ کے احاطے میں جدید طرز کی عظیم الشان مسجد، مہمان خانہ، بہتر رہائشی سہولیات، عوامی بنیادی ڈھانچے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر کام خوش آئند ہے۔ ان کے مطابق ان اقدامات سے نہ صرف زائرین کو سہولت ملے گی بلکہ شاہدرہ شریف کی مذہبی اور ثقافتی اہمیت بھی مزید اجاگر ہوگی۔دورے کے اختتام پر پارٹی وفد نے درگاہ انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے روحانی مراکز کی ترقی، تحفظ اور عوامی خدمت کے لیے مربوط اقدامات جاری رہیں گے۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں عقیدت مند بھی درگاہ پر موجود تھے۔