مینڈھر //تحصیل مینڈھر کے گورسائی نالہ کے لوگوں کو پانی فراہم کر نے کے لئے بنائے گئے پانی کے ٹینک کی چھت دو ماہ پہلے گر گئی تھی جسے اب تک ٹھیک نہیں کیاگیاہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق محکمہ پی ایچ ای کے افسران کو کئی بار اپیل کی گئی کہ اس ٹینک پر چھت ڈالی جائے لیکن محکمہ کی جانب سے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ۔سید صفیر حسین جعفری نے کہا کہ اس پانی کے ٹینک سے پانچ محلہ جات کی عوام کو پانی سپلائی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھت اور دیوار گر جانے کی وجہ سے اس ٹینک کی خستہ حالت ہے مگر محکمہ کو ٹس سے مس نہیں۔مقامی لوگوں نے کہاکہ ٹینک میں جمع پانی گندہ ہوجاتاہے جو استعمال کرنا ناقص ہے۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اعجاز اسد سے مداخلت کی اپیل کی۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر ٹینک کی مرمت نہ کی گئی تو پھر لوگوں کو احتجا ج کی راہ اختیار کرناپڑے گی ۔