جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر کویندر گپتا نے آج حلقہ انتخاب گاندھی کے دورے کے دوران لوگوں کو درپیش مشکلات سے آگاہی حاصل کی۔ وارڈ نمبر 53 کھو والی گلی اور ترکوٹر نگر کے دورے کے دوران مقامی لوگوں نے انہیں گلیوں اور ڈرینوں کی خستہ حالی کے بارے میں مطلع کیا۔ انہوں نے درخواست کی کہ ان گلیوں اور ڈرینوں کی مرمت کی جائے اور سڑکوں ، لنک روڈوں پر میکڈم بچھایاجائے ۔ اس کے علاوہ لوگوں نے نئی سٹریٹ لائیٹس کو نصب کرنے ، علاقے سے کوڑاکرکٹ ٹھکانے لگانے جیسے مطالبات پیش کئے۔سپیکرنے لوگوں کے مطالبات بغور سنے اور یقین دلایا کہ مرحلہ وار طریقے پر ان کے تمام مسائل حل کئے جائیں گے۔نانک نگر وارڈ نمبر42 اور جلال آباد بٹھنڈی کے لوگوں نے سپیکر کا خیرمقدم کیا ۔لوگوں سے بات چیت کر تے ہوئے سپیکر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریاست کی تعمیر و ترقی کے لئے کئی اہم اقدامات شروع کئے ہے جن میں بہبودی کی سکیمیں بھی شامل ہیںجن کی بدولت سماج کے کمزور طبقے مستفید ہو رہے ہیں۔حلقہ انتخاب گاندھی میں جاری ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ حلقہ انتخاب میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں پر کام جاری ہے اور ان کی تکمیل کی بدولت مستقبل قریب میں لوگوں کو بہت ساری سہولیات دستیاب ہوںگی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو پہلے ہی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ رقومات کا صحیح استعمال کر کے ان پروجیکٹوں کو وقت مقررہ کے اندر مکمل کریں۔انہوں نے کہا کہ بٹھنڈی اور بٹالا علاقوں میں پینے کے پانی کی سہولیت فراہم کرنے کے لئے 18کروڑ روپے کے ایک پروجیکٹ کو منظوری دی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کنجوانی، گریٹر کیلاش اور سینک کالونی مڈ ھ میں اوور برج کی تعمیر کا پروجیکٹ منظور کیا گیا ہے جس پر 340 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ستواری چوک میں فلائی اوور پُل تعمیر کرنے کے لئے 127کروڑ روپے کو بھی منظور ی دی گئی ہے اور اس پروجیکٹ پر کام بہت جلد شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ انتخاب میں بشمول سنجواں چھتہ علاقہ میں سڑکوں کے پروجیکٹوں پر 120کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔اس سے قبل سپیکر نے جانی پور جموں میں کلرس سیلون اور ایس ای پی اے کا افتتاح کیا۔