پونچھ//قصبہ پونچھ کے ملحقہ گائو ںڈینگلہ کی عوام کی جانب سے بجلی اور پانی کی عدم دستیابی پراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے منڈی پونچھ سڑک پر مختلف قسم کی رکاوٹیں کھڑی کر کے گاڑیوں کی آمدورفت پر قدغن لگا کر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے محکمہ پی ایچ ای اور محکمہ بجلی کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بجلی اور پانی کی سپلائی میں بہتری لائی جائے ۔مظاہرین کاکہناتھاکہ محکمہ بجلی کی جانب سے ان کے گائوں تک ترسیل توبچھادی گئی ہے لیکن بجلی انہیں کبھی کبھی ہی دستیاب ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر کبھی بجلی آ بھی جائے تو غیرمعینہ کٹوتیوں کی وجہ سے انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں محکمہ پی ایچ ای کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ محکمہ کی جانب سے لگائے گئے ملازم انہیں پریشان کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کریں کہ انہیں پانی اور بجلی فراہم کیا جائے۔یہ احتجاجی مظاہرہ کئی گھنٹے تک جاری رہا جس کی وجہ سے اس طرف سے سفر کرنے والے سینکڑوں مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ،خصوصی طور پر اسکول کے بچوں کو اسکول پہنچنے میں کئی گھنٹے کی تاخیر ہو گئی۔