مقامی لوگوں،انتظامیہ ،سیکورٹی فورسز و فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا :ایس ڈی ایم
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ کے قصبہ ٹھاٹھری میں آتشزدگی کی پراسرار واردات میں قدیم سرکاری عمارت خاکستر ہوئی ہے اور بیت الخلا بھی تباہ ہوا ہے تاہم مقامی لوگوں و فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے قریب میں واقع کئی سرکاری و نجی عمارتوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کے روز دوپہر ایک بجے کے قریب ایس ڈیم دفتر ٹھاٹھری کے متصل میں محکمہ تعمیرات عامہ کی قدیم عمارت سے آگ نمودار ہوئی اور چند ہی لمحوں میں پوری بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لیا۔اس دوران مقامی لوگ،غیر سرکاری تنظیمیں، فائر و ایمرجنسی سروسز کے اہلکار، سیول، پولیس و سیکورٹی فورسز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور بچا کارروائی شروع کی۔ڈیڑھ گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ایس ڈی ایم ٹھاٹھری اطہر آمین زرگر نے آگ کے حوالے سے میڈیا کو تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ تعمیرات عامہ کی قدیم عمارت و میونسپل کمیٹی کی جانب سے تعمیر کیا گیا بیت الخلا تباہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس عمارت کو اسٹور کے طور پر استعمال کیا جاتا تھاتاہم انہوں نے کہا کہ اس عمارت کے ارد گرد ایس ڈی ایم دفتر، گورنمنٹ ہائی اسکول و دیگر کئی سرکاری عمارتیں تھیں لیکن مقامی لوگوں، سیول،پولیس ،سیکورٹی فورسز و فائر بریگیڈ کی کوششوں سے آگ پر قابو پایا گیا۔ایس ڈی ایم نے کہا کہ آتشزدگی کی وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔