مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//ٹنگمرگ میں آوارہ کتوں نے دوبچوں پرحملہ کرکے انہیں لہولہان کیا جبکہ ایک بچے کو مزیدعلاج کیلئے صدرہسپتال سرینگر منتقل کیا گیا۔ٹنگمرگ قاضی پورہ میں پیر سہ پہر کو ایک نجی سکول میں زیر تعلیم دو بچے صہیب احمد شیخ ولد مشتاق احمد شیخ عمر6 سال اورزہیب احمد لون ولد محمد اشرف لون عمر 7سال ساکنان قاضی پورہ پرآوارہ کتوں کے ایک جھنڈ نے حملہ کرکے زخمی کردیا ،جب یہ دونوں کم عمر طالب علم سکول سے گھر جارہے تھے۔ بچوں کی چیخ و پکار سن کر مقامی لوگ وہاں پہنچ گئے، جنہوں نے دونوں زخمی بچوں کو کتوں سے چھڑاکر ٹنگمرگ ہسپتال پہنچادیا، جہاں دونوں کی مرہم پٹی کرکے زہیب نامی طالب علم کو بہتر علاج کیلئے صدر ہسپتال منتقل کیاگیا ۔ مقامی لوگوں نے ٹنگمرگ کے قرب و جوار میں آوارہ کتوں کی آبادی میں مسلسل اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی ٹنگمرگ گلمرگ سے آوارہ کتوں کو فوری طور ٹھکانے لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔