یوپی کا نوجوان مردہ پایا گیا،نیا تعمیر شدہ پل گرنے سے 10 زخمی
سرینگر//سری نگر کے شالیمار علاقے میں میرک شاہ آستان کے قریب جمعرات کو نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر ایک 70 سالہ خاتون جان کی بازی ہار گئی۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک نامعلوم گاڑی خاتون کو ٹکر مار کر موقع سے فرار ہوگئی۔ مقامی باشندے فوری طور پر اس کی مدد کے لیے پہنچ گئے اور اسے علاج کے لیے پرائمری ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی)، حبک منتقل کیا۔خاتون کی شناخت کوکر محلہ شالیمار کی سارہ بیگم زوجہ عبدالغفار بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملوث گاڑی کی شناخت اور ڈرائیور کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے جو حادثے کے بعد فرار ہو گیا۔ادھرکپواڑہ ضلع کے ہتمولہ علاقے کے پرے نار میں جمعرات کو ایک کنویں کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے دو نوجوان بے ہوش ہو کر گر کر ہلاک ہو گئے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں کنویں میں صفائی کے لیے داخل ہوئے اوممکنہ طور پر زہریلی گیسوں کی وجہ سے بے ہوش ہوئے۔ ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تاہم دونوں کو مردہ قرار دے دیا گیا۔ مرنے والوں کی شناخت ریاض احمد بٹ ولد غلام حسن اور عادل احمد بٹ ولد عبدالاحدکے طور پر ہوئی ہے۔ادھر سری نگر کے حیدرپورہ علاقے میں کرایہ کے مکان میں مقیم ایک 18 سالہ غیر مقامی نوجوان غسل خانے میں بے ہوش حالت میں پایا گیا، جسے فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔اسکی شناخت سانو ولد محمد احسان، ساکن بجنور، اتر پردیش کے طور پر ہوئی ہے، جو حیدرپورہ میں بطور کرایہ دار رہائش پذیر تھا۔ موت کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی شروع کر دی ہے اور واقعے کے تمام پہلوؤں کی جانچ کی جا رہی ہے۔ادھر بارہمولہ ضلع میں جمعرات کو نیو بائی پاس پر ایک نیا تعمیر شدہ پل گرنے سے کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے۔ پل مکمل ہونے کے فوراً بعد گر گیا۔زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے ضلع اسپتال بارہمولہ منتقل کیا گیا۔حکام نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور پل گرنے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔اس دوران بارہمولہ ضلع کے گانٹہ مولہ بالا علاقے میں جمعرات کو ایک المناک سڑک حادثے میں ایک ٹپر ڈرائیور کی جان چلی گئی۔ اسکی شناخت غلام حسن بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق غلام حسن ریت سے بھرے ٹپر کو اس جگہ کی طرف لے جا رہے تھے جہاں فلٹریشن پلانٹ پر تعمیراتی کام جاری تھا۔ سفر کے دوران، گاڑی مبینہ طور پر قابو سے باہر ہوگئی اور نیچے جاگری، جس سے ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔حادثے کے فوراً بعد پولیس اہلکار اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور زخمی ڈرائیور کو ایمبولینس میں اسپتال منتقل کیا۔ تاہم ڈاکٹروں کی کوششوں کے باوجود وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔