عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// امامِ عالی مقام حضرت امام حسینؑ اور اْن کے وفادار ساتھیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’یومِ عاشورا ہمیں حضرت امام حسینؑ اور اْن کے رفقا کی اْس لازوال تعلیم کی یاد دلاتا ہے کہ ہمیں ہمیشہ حق اور انصاف کا ساتھ دینا چاہیے اور ظلم کے سامنے کبھی سر نہیں جھکانا چاہیے، خواہ اس کی قیمت ہماری جان ہی کیوں نہ ہو۔‘‘انہوں نے کہا، ’’شہدائے کربلا نے حق و انصاف کی سربلندی اور ظالموں اور دشمنانِ اسلام کے خلاف ثابت قدم رہ کر جرات، استقامت اور قربانی کی ایک ابدی مثال قائم کی۔‘‘بخاری نے مزید کہا، ’’یومِ عاشورا ہمیں امام حسینؑ اور اْن کے رفقا کی جرات، عزم اور اعلیٰ اقدار کی یاد دلاتا ہے۔ اْن کی عظیم قربانی آج بھی لوگوں کو حق بات کہنے، انصاف کا ساتھ دینے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی ترغیب دیتی ہے، چاہے حالات کتنے ہی دشوار کیوں نہ ہوں۔‘‘