فیاض بخاری
بارہمولہ //بارہمولہ کے فقیر باغ چندوسہ علاقے میں سڑک کی ابتر حالت نے مقامی آبادی کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ گہرے گڑھے اور ٹوٹ پھوٹ کے باعث نہ صرف آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔مقامی باشندوں نے بتایا کہ فقیر باغ کی یہ اہم رابطہ سڑک گزشتہ کافی عرصے سے خستہ حالی کا شکار ہے، تاہم متعلقہ محکمہ اس کی مرمت اور بحالی کے لیے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں کر رہا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد سڑک کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے اور گڑھوں میں پانی جمع ہونے کے باعث گاڑیوں اور راہگیروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔علاقہ کے مکینوں کے مطابق روزانہ طلبہ، ملازمین، مریض اور عام شہری اسی سڑک سے سفر کرتے ہیں، لیکن ٹوٹی پھوٹی سڑک کی وجہ سے سفر نہایت دشوار اور خطرناک بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بار دو پہیہ گاڑیوں کے سوار گڑھوں کی وجہ سے گر کر زخمی ہو چکے ہیں اور اگر بروقت مرمت نہ کی گئی تو کوئی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بار بار شکایات اور مطالبات کے باوجود مسئلے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے دعوے کرتی ہے، لیکن زمینی سطح پر صورتحال اس کے برعکس نظر آتی ہے۔عوام نے ضلع انتظامیہ بارہمولہ اور محکمہ تعمیرات عامہ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فقیر باغ سڑک کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت اور اپ گریڈیشن کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو اور کسی بھی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسئلے کو جلد حل نہ کیا گیا تو عوام احتجاجی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔