واشنگٹن//امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متعلق ایک اور تباہ کن کتاب کی اشاعت رکوانے میں ناکام ہوگئے ہیں۔امریکی عدالت نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بھتیجی کی کتاب شائع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔میری ایل ٹرمپ کی کتاب ’ ٹو مچ اینڈ نیور انف: ہائو مائی فیملی کریئٹڈ ورلڈ ڈینجرس مین آج سے باقاعدہ مارکیٹ میں آنی ہے۔میری ایل ٹرمپ کی کتاب کی کچھ کاپیاں پہلے ہی تقسیم کی جاچکی ہیں اور اس کے بیسٹ سیلر ہونے کے اندازے لگائے جارہے ہیں۔کتاب کی اشاعت رکوانے کے لیے ٹرمپ کے بھائی رابرٹ ٹرمپ کی جانب سے ہرجانہ دائر کیا گیا تھا، جس کی بنیاد خاندانی معاملات خفیہ رکھنے سے متعلق ایک معاہدے کو بنایا گیا تھا۔نیویارک کی ڈچز کائونٹی کے جج جسٹس ہال گرینوالڈ نے کہا کہ پبلشر ٹرمپ کے خاندانی معاہدے کا پابند نہیں، یہ خاندانی معاملہ ہے قومی سلامتی کا مسئلہ نہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کی بھیتجی کی زندگی کی یادداشتوں پر مبنی کتاب میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک خود پسند انسان ہیں، جن سے ہر امریکی کو خطرہ لاحق ہے۔کتاب میں ٹرمپ کے والد، بُرے رویے اور بچوں کو ہراساں کرنے واقعات کا بھی ذکر ہے۔