عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول چنگس، راجوری کے طلباء و طالبات نے ٹرانسپورٹ سہولیات کی عدم دستیابی کے خلاف شدید احتجاج کیا اور اسکول کے سامنے ہی جموںراجوری پونچھ قومی شاہراہ کو بلاک کر دیا، جس کے باعث ہائی وے پر گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئی۔احتجاج میں خاص طور پر طالبات کی بڑی تعداد شامل تھی جنہوں نے بلند آواز میں نعرے بازی کی اور شکایت کی کہ مستقل اور قابلِ اعتماد ٹرانسپورٹ سہولت نہ ہونے کی وجہ سے ان کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ اْنہوں نے الزام لگایا کہ ہائی وے پر چلنے والی مسافر گاڑیاں اکثر انہیں بٹھانے سے انکار کرتی ہیں، جس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ سرکاری ضابطوں کے مطابق طلباء آدھا کرایہ ادا کرتے ہیں اور اسی وجہ سے ڈرائیور انہیں لفٹ دینے سے کتراتے ہیں۔طالبات نے بتایا کہ روزانہ کی بنیاد پر گاڑیوں کا نہ رکنا اْن کے لئے شدید مشکلات پیدا کرتا ہے۔ کئی طلباء کو لمبا فاصلہ پیدل طے کرنا پڑتا ہے جبکہ بعض اوقات تاخیر کی وجہ سے کلاسز بھی چھوٹ جاتی ہیں، جو ان کی تعلیم کے لئے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر طلباء کو آدھے کرائے کی سہولت دیتی ہے تو دوسری طرف ٹرانسپورٹرز کا یہ رویہ ناقابلِ قبول ہے۔مظاہرین نے انتظامیہ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اسکول جانے والے بچوں کے لئے محفوظ، باقاعدہ اور مناسب ٹرانسپورٹ سہولیات کو یقینی بنایا جائے، تاکہ انہیں روزمرہ پیش آنے والی پریشانیوں سے نجات مل سکے۔ طلباء نے خبردار کیا کہ اگر یہ مسئلہ جلد حل نہ ہوا تو وہ آنے والے دنوں میں مزید بڑے پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔دوسری جانب، احتجاج کے سبب ہائی وے ٹریفک کئی گھنٹوں تک جام رہا۔ اطلاع ملتے ہی متعلقہ پولیس چوکی کی ٹیم، انچارج پولیس پوسٹ کی قیادت میں، موقع پر پہنچی اور طلباء سے بات چیت کر کے صورتحال کو قابو میں کیا۔ پولیس افسران نے یقین دہانی کرائی کہ معاملے کی سنجیدگی سے جانچ کی جائے گی اور ٹرانسپورٹ سے متعلق مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔