محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دور افتادہ گاؤں سیکلو کے وارڈ نمبر 01میں گزشتہ دو روز سے بجلی کی مکمل بندش کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقے میں بجلی کی مسلسل عدم دستیابی نے روزمرہ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، جبکہ شہریوں میں محکمہ بجلی کے خلاف ناراضگی بھی پائی جا رہی ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق وارڈ نمبر 01 میں گزشتہ دو دنوں سے بجلی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہے۔ بجلی نہ ہونے کے باعث گھریلو امور، طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں، پینے کے پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی ضروریات متاثر ہو رہی ہیں۔
شدید گرمی کے موسم میں بجلی کی طویل بندش نے بزرگوں، خواتین اور بچوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے بعد انہوں نے متعدد مرتبہ محکمہ بجلی کے متعلقہ حکام سے رابطہ قائم کیا۔ محکمہ کی جانب سے انہیں بتایا گیا کہ محلے کو بجلی فراہم کرنے والا ٹرانسفارمر جل چکا ہے، جس کے باعث پورا علاقہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے۔ تاہم دو روز گزر جانے کے باوجود ٹرانسفارمر کی مرمت یا متبادل ٹرانسفارمر کی تنصیب کے حوالے سے کوئی واضح پیش رفت سامنے نہیں آئی ہے۔مقامی باشندوں نے شکایت کرتے ہوئے کہا کہ بار بار رابطے کے باوجود انہیں صرف یقین دہانیاں دی جا رہی ہیں جبکہ عملی اقدامات کا فقدان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی کی عدم دستیابی کے باعث روزمرہ معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور اگر صورتحال مزید طول پکڑتی ہے تو عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔سیکلو کے رہائشیوں نے محکمہ پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ عوامی مشکلات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے خراب ٹرانسفارمر کی جلد از جلد مرمت یا تبدیلی کو یقینی بنایا جائے تاکہ متاثرہ آبادی کو راحت مل سکے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت اور متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، لہٰذا عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مسئلے کا ہنگامی بنیادوں پر حل نکالا جانا چاہیے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ محکمہ بجلی کب تک جل چکے ٹرانسفارمر کو تبدیل یا مرمت کرکے وارڈ نمبر 01 کے مکینوں کو درپیش مشکلات سے نجات دلاتا ہے۔