عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ضلع کولگام کے قاضی گنڈ علاقے میں جمعہ کے روز جموں-سری نگر قومی شاہراہ پر پیش آئے ایک سڑک حادثے میں ایک کمسن لڑکی جاں بحق ہوگئی۔سرکاری حکام کے مطابق ویسو کے مقام پر کے پی کالونی کے نزدیک ایک نامعلوم گاڑی نے سڑک عبور کر رہی لڑکی کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے فوراً بعد گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔شدید زخمی لڑکی کو فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد اسے بہتر طبی سہولیات کے لیے سکمز صورہ ریفر کیا گیا۔
تاہم ڈاکٹروں نے وہاں پہنچنے پر اسے مردہ قرار دے دیا۔متوفیہ کی شناخت خوشبو جان دختر بلال احمد وگے ساکن بہی باغ، یاری پورہ، کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور نامعلوم گاڑی کی شناخت اور فرار ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہے۔دریں اثناء کولگام کے حسن پورہ باغ علاقے میںجمعہ کے روز ایک افسوسناک حادثے میں ایک کمسن لڑکا ویشو نالے میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔اطلاعات کے مطابق لڑکا اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث نالے میں گر گیا اور تیز بہاؤ کی زد میں آکر ڈوب گیا۔واقعے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے بچاؤ کارروائی شروع کرتے ہوئے لڑکے کو نالے سے باہر نکالا اور علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال بیجبہاڑہ منتقل کیا، تاہم وہاں موجود ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔متوفی کی شناخت حاظم شوکت ولد شوکت احمد گنی ساکن حسن پورہ باغ، کولگام کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔