سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری میں ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (VPNs) کے استعمال کے خلاف کڑا اقدام کرتے ہوئے پولیس نے دو ایسے افراد کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں جو اپنے موبائل فونز میں وی پی این ایپلی کیشنز استعمال کرتے ہوئے پائے گئے۔ یہ کارروائی ضلع مجسٹریٹ راجوری ابھشیک شرما کی جانب سے وی پی این کے استعمال پر مکمل پابندی کے حکم نامے کے بعد کی گئی ہے۔ضلع مجسٹریٹ نے یہ پابندی ایس ایس پی راجوری کی جانب سے موصول ہونے والی ایک باضابطہ مراسلت کی بنیاد پر عائد کی جس میں موجودہ سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر وی پی این کے غلط استعمال کو باعثِ تشویش قرار دیا گیا تھا۔ خطے میں وی پی این کے استعمال کے بڑھتے ہوئے معاملات کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے اس کے خلاف سخت قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا۔پولیس حکام کے مطابق ضلع مجسٹریٹ کے حکم نامے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے راجوری پولیس کی تمام ٹیموں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پولیس کو ہدایت دی گئی ہے کہ ضلع بھر میں سخت نگرانی، ناکہ چیکنگ اور مربوط کارروائیوں کے ذریعے اس پابندی کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔پولیس نے بتایا کہ وی پی این استعمال کرنے والے دو افراد کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔پہلے واقعے میں، پولیس اسٹیشن منجاکوٹ کی ایک ناکہ پارٹی نے معمول کی چیکنگ کے دوران محمد نثار ولد محمد یعقوب سکنہ دھیری ریلیوٹ کو ایک وی پی این ایپلی کیشن استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 107/2025 زیر دفعہ 223 بی این ایس پولیس اسٹیشن منجاکوٹ میں درج کی گئی ہے۔اسی طرح دوسرے واقعے میں، پولیس اسٹیشن درہال کی ایک ٹیم نے ناکے کے دوران محمد مختار ولد محمد تاج سکنہ مدہون ڈوڈاج کو چیکنگ کے دوران ایک ایسے موبائل فون کے ساتھ پایا جس میں وی پی این ایپ چل رہی تھی۔ اس حوالے سے ایف آئی آر نمبر 73/2025 زیر دفعہ 223 بی این ایس درہال تھانے میں درج کی گئی۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع مجسٹریٹ کے احکامات کی سختی سے پابندی کریں اور وی پی این کے استعمال سے مکمل طور پر گریز کریں۔ پولیس نے واضح کیا کہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی شخص کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔