کٹھوعہ //کانگریس کے ایک سینئر لیڈر و اودہمپور۔کٹھوعہ پارلیمانی حلقہ کے کانگریسی امیدواروکرما دتیہ سنگھ نے اتوار کے روز ضلع کے بنی اور پنچیری علاقوں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کے امیدوار کی جانب سے ترقیاتی وعدوں کے دعوں کو جھوٹا قرار دیا ۔ انہوں نے بی جے پی پران علاقوں کو بنیادی سہولیات جیسے کہ پینے کے پانی، بجلی، راشن ،سڑک، ہیلتھ کئیر اور تعلیمی سہولیات سے فراموش کرنے کا الزام لگایا ۔انہوں نے بی جے پی امیدوار ڈاکٹر جتندر سنگھ پر ان علاقوں کو ترقیاتی عمل سے الگ رکھنے اور عوام کی شکایات پر غور نہ کرنے کا الزام لگایا ۔ایک پریس بیان میں وکرما دتیہ نے کہا کہ ان علاقوں کے عوام میں بی جے پی امید وار کے خلاف سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کو بی جے پی نے ایک بھی پروجیکٹ نہیں دیا ہے۔انہوںنے الزام لگایا کہ بی جے پی ان علاقوں کے مشکلات کا ازالہ کرنے میں بری طرح سے ناکام رہی ہے۔انہوں نے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی عمل میں کانگریس کا کوئی متبادل نہیں ہے اور اسکی ریاست کے تینوں خطوں میں مستحکم بنیاد ہے۔وکرما دتیہ نے لوگوں کو آنے والے لوک سبھا انتخاب میںکانگریس پارٹی کو حمایت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں شاہی خاندان کے ساتھ صدیوں رشتوں کو یا دلایا ۔