جموں//گورنر کے صلاح کار کے ۔ وِجے کمار نے جموں میں متعدد عوامی وفود کے مطالبات سنے ۔عوامی دربار میں مختلف وفود کے علاوہ انفرادی طور پر بھی کئی افراد نے اُنہیں درپیش مشکلات کے ازالے اور ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مشیر کی مداخلت طلب کی۔جے اینڈ کے میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن کے وفد نے ڈھائی دِن کی تنخواہ فراہم کرنے ، میٹرنٹی چھٹی فراہم کرنے ، واجب الادا تنخواہیں واگزار کرنے اور دیگر مطالبات سامنے رکھے۔جے اینڈ کے شطرنج ایسو سی ایشن کے وفد نے ریاست میں شطرنج کے کھیل کو فروغ دینے کے لئے سپورٹس باڈی کے قیام اور سکولوں میں شطرنج پروگرام تشکیل دینے کی مانگ کی۔جے اینڈ کے فریڈم فائٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے مجاہدین آزادی اور ان کے کنبوں کی بہبود سے متعلق مطالبات سامنے رکھے۔جے اینڈ کے رہبر جنگلات ملازمین نے اُن کی مستقلی سے متعلق مطالبات پیش کئے ۔فزیکل ایجوکیشن گریجویٹوں اور پوسٹ گریجویٹوں نے بین الاقوامی اور ملکی سطح کے کھیل مقابلوں میں شرکت کرچکے امید واروں کو تعیناتی عمل میں رعایت دینے کی مانگ کی۔آل جے اینڈ کے پرنٹ میڈیا ایسو سی ایشن کے وفد نے اپنے مطالبات صلاح کار کے سامنے رکھ کر اُنہیں پورا کرنے کی مانگ کی ۔بی ایس ایف ویلفیئر ہاوسنگ کواپریٹیو سوسائٹی کی نمائندگی کر رہے ریٹائرڈ نے افسروں نے ان کی بہبود سے متعلق مطالبات سامنے رکھے۔جے اینڈ کے ریسلنگ فیڈریشن کے وفد نے ریاست میں ریسلنگ کے فروغ اور سپورٹس باڈ ی کے کام کاج میں معقولیت لانے کی مانگ کی۔ایس ایس بی کی طرف سے لئے گئے امتحانات میں شامل ہوئے اُمید واروں نے اُن کے سلیکشن لسٹ مشتہر کرانے کی مانگ کی۔ اس کے علاوہ انفرادی سطح پر متعدد افراد نے صلاح کار کے سامنے مختلف نوعیت کے مطالبات رکھے۔صلاح کار نے تمام وفود اور افراد کو غور سے سنا اور جائز مطالبات پر ضروری کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔