نیوز ڈیسک
جموں// وسیم رضوی کی جانب سے قرآن پاک کی آیات کالعدم قراردینے کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے پر جموںصوبہ بھر میں زبر دست برہمی پائی جارہی ہے اور علماء کے علاوہ عام لوگوںنے مذکورہ شخص کے خلاف فورری کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔
سید مختار حسین جعفر ی
مدیر حوزہ علمیہ امام محمد باقر علیہ السلام جموں و کشمیرو سر پرست اعلی شیعہ فیڈریشن صوبہ جموں سید مختار حسین جعفر ی نے قرآن پاک کے خلاف وسیم رضوی کی حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس نے اپنی اس حرکت سے شیعہ اور سنی میں فتنہ پھیلانے کی کوشش کی ہے اور در حقیقت وہ شیطان کا آلہ کار ہے اور یہ شیطانی منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسیم رضوی ملعون ایک فاسق اور بد کردار انسان ہے اور اس طرح کے فتنے یہ اس سے پہلے بھی پھیلا چکا ہے اور اب یہ بات کھل کر واضح ہو چکی ہے کہ اس ملعون کا اسلام اور مسلمانوں سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم پر زور طریقے سے ہندوستانی حکومت اور سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کی احمقانہ حرکتوں پر روک لگائی جائے اور اس کی اس طرح کی کسی بھی عرضی کو قبول نہ کیا جائے اور اس انسان پر مسلمانوں اور قرآن مجید کی توہین کرنے کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے اسے سلاخوں کے حوالے کیا جائے اور اس انسان سے شیعہ وقف بورڈ کی چیئر مین شپ واپس لی جائے کیونکہ یہ انسان اس منصب کا ہل اور حقدار نہیں۔ان کاکہناتھاکہ اس کا سوشل بائیکاٹ کیا جائے، اسے اسلام کے دائرے سے خارج کیا جائے اور اس سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہ رکھا جائے، اورحکومت ہندوستان بھی یہ بات جان لے کہ وسیم رضوی جیسے لوگ کسی بھی سطح پر نہ تو شیعوں کے اور نہ ہی مسلمانوں کے نمایندے ہو سکتے ہیں۔
انجمن حسینی سلواہ ،انجمن جعفری سرنکوٹ
انجمن حسینی سلواہ اور انجمن جعفری سرنکوٹ نے یوپی کے وسیم رضوی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ ایسے شخص سے بیزاری کا اعلان کیاجائے جو اللہ کی کتاب کے خلاف بکواس کررہاہے۔ دونوں مقامی انجمنوں نے کہاکہ اایسے شخص سے سماجی بائیکاٹ کیاجاناچاہئے اور علماپہلے ہی اسے کافر قرار دے چکے ہیں۔
حضرت مولانا فتح محمد
امام وخطیب جامع مسجد انور مینڈھر حضرت مولانا فتح محمد نے وسیم رضوی کی ہرزہ سرائی پر بتایا کہ قرآن کریم کے خلاف اس طرح کا پروپیگنڈا نزول قرآن کے وقت سے ہی جاری ہے اور ہمیشہ ہی ناکام و نامراد ہوتے رہے ہیں،اسی طرح وسیم رضوی اور اس کے آقا بھی اپنی ناپاک عزائم میں ناکام و نامراد ہی ہونگے کیونکہ قرآن کریم رب العالمین کا کلام پاک ہے اور اسکی حفاظت کی زمہ داری بھی رب العالمین نے خود لے رکھی ۔مولانا نے ملک کے باشندگان سے عموماً اور مسلم نوجوانوں سے عموماً اپیل کی کہ اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں کیونکہ ملک دشمن، آئین دشمن قوتیں اس طرح کی حرکات کر کے ملک کے اصل ایشوز کی طرف سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔
انجمن انصار المھدی سرنکوٹ
صدر انجمن انصار المہدی سرنکوٹ سید محمد تقی رضوی نے کہاکہ وسیم رضوی کے حالیہ کام کی جس قدر بھی مذمت کی جائے کم ھے کیونکہ اس سے نہ صرف تمام عالم اسلام کی دل آزاری ہوئی ہے بلکہ تمام انصاف پسند اور باشعور اشخاص کو بھی صدمہ پہنچا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ انجمن انصار المہدی سرنکوٹ کی جانب سے وسیم رضوی کے اس کام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور حکومتی اہلکاروں سے یہ گزارش کرتے ہیں کہ وسیم رضوی کے خلاف سخت ترین قانونی کاروائی کی جائے۔ انہوں نے تمام افراد ملت سے بھی گزارش کی ہے کہ اس سلسلے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں، با اثر افراد حکومتی اہلکاروں پر دباؤ ڈالیں تاکہ اس ملعون کے خلاف سخت سے سخت کاروائی ہو سکے۔ عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں کام کرنے والے افراد ملت اپنا کردار ادا کریں اور ہر جگہ وسیم رضوی کے خلاف مقدمات دائر کریں۔
مولانا عبدالرحیم خان ضیائی قاسمی
وسیم رضوی کی حرکت کے خلاف تھنہ منڈی میں لوگوں کی بڑی تعداد نے سڑکوںپر نکل کر احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے انہیں قرار واقعی سزادینے کامطالبہ کیا ہے ۔احتجاجی مظاہرین نے کہا ہے کہ اس طرح کی حرکت سے اسلام دشمن عناصر کے حوصلے اور زیادہ بلند ہوتے ہیں اور انہیں بیان بازی کا اور زیادہ موقع فراہم ہوتا ہے ۔جمعہ کے دن شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی کے عدالت عالیہ میں قرآن مقدس کی آیات کو لیکر پٹیشن داخل کئے جانے پر شدید مذمت کرتے ہوئے قصبہ تھنہ منڈی کے زعماء و باشندوں نے زبردست احتجاج کیا۔ اس دوران سخت الفاظ میں ردعمل کرتے ہوئے امام و خطیب مرکزی جامع مسجد تھنہ منڈی مولانا عبدالرحیم خان ضیائی قاسمی نے کہا کہ قرآن عظیم پریزروڈ بک ھے یہ محفوظ و مامون ہے اور یہ اپنے نزول سے لیکر گذشتہ صدی کے روس تک پھر یورپ سے چین تک اور برطانوی حکومت کے زمانے سے آج تک پوری دنیا میں اپنی اصلی شکل میں موجود ھے اور اسکی حفاظت خالق کائنات کے ذمہ ھے۔ موصوف نے کہا کہ وسیم رضوی اس قابل ہی نہیں کہ اس کے اس گستاخ جملے پر کچھ کہا جایے اور اس معاملے کو مسلم پرسنل لابورڈ دیکھ رہاہے البتہ بحیثیت مسلمان ہم اس طرح کی مجرمانہ حرکت کو قطعا برداشت نہیں کریں گے اور حکومت سے مطالبہ کریں گے کہ وہ اس ملعون پر نکیل کسے اور سپریم کورٹ اسکی اپیل یکسر مسترد کردے تاکہ ملک میں امن و آشتی اور محبت و پیار کا ماحوم قائم رہے اور ایسے ذلیل و مفاد پرست شخص کو اپنے گندے مقصد مین کامیابی نہ مل سکے رہا۔
گول میں فرزندانِ توحید سراپا احتجاج
زاہدبشیر
گول/وسیم رضوی کی جانب سے کلامِ پاک سے متعلق توہین آمیز اور خباثت و شرارت سے لبریز بیان کے خلاف گزشتہ روز گول میں بعد نماز ظہر فرزندانِ توحید سراپا احتجاج نظر آئے ۔احتجاجی مظاہرین نے وسیم رضوی کی جانب سے دئیے گئے بیان کی شدید مذمت کی اور حکومت کو متنبہ کیا کہ خباثت کی غذا پر پلنے والے ایسے مذہب دشمن عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے وگرنہ مسلمان اپنی مقدس کتاب کی خاطر اپنی جانوں کو داؤ پر لگانے میں کوئی ہچکچاہٹ نہیں کریں گے اور جو بھی عناصر ہماری مقدس کتاب قرآن پاک سے متعلق کسی قسم کی توہین آمیز بکواس کرے گا اْس کی ناپاک زبان کو کاٹ پھینکنے میں گریز نہیں کریں گے ۔ احتجاجی مظاہرین نے وارننگ کے طور سرکار سے کہا کہ ایسے عناصر پر فوری طور لگام کسی جائے تاکہ کوئی کسی مخصوص طبقہ کے دلوں پر ٹھیس نہ پہنچے۔
ڈگری کالج پونچھ کے طلبہ کابھی احتجاج
حسین محتشم
پونچھ//اسٹوڈنٹ یونین گورنمنٹ ڈگری کالج پونچھ کے بینر تلے ایک احتجاجی اجلاس منعقد ہواجہاں وسیم رضوی کے قرآن پاک کے سلسلہ میں دیئے گئے مذموم بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئیحکومت کو اس شخص کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیاگیا۔صدر یونین عرفان احمد نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آیات قرآن مجید کو دہشت گردی سے تعبیر کر کے وسیم رضوی کا دعوی قطعی غلط اور ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید نہیں بلکہ وسیم رضوی جیسے لوگ دہشت گردی کو بھڑکاتے کر حالات کو خراب کرتے ہیں اور اخوت کو برباد کرتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس جیسے لوگ فرقہ وارانہ تشدد اور مذہبی دشمنی کے اصل پروپیگنڈا کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے حرکت کر کے قوم میں امن و ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں سرکار سے خصوصی طور پر۔عدالت عالیہ سے اس کے خلاف سخت کارروائی کی جاِئے۔ دیگر مقررین نے انتباہ دیا کہ اگر وسیم رضوی کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو وہ بڑی سطح پر احتجاج کریں گے اور اس عظیم مقصد کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی پیچھے نہ ہٹیں گے۔