جموں//ریاست کی بحالی سے متعلق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیان کو جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے مایوس کن اور پریشان کن قرار دیتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے ریاستی میڈیا انچارج اور ریاستی ترجمان ڈاکٹر نواب ناصر نے بدھ کے روز کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کو اسمبلی انتخابات سے پہلے بحال کرائے اور انتخابات کو بھی جلد ازجلد انجام دے تاکہ جمہوری سیٹ اپ بحال ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی اپنی عوام دشمن پالیسیوں کے ردعمل اور اپنی پراکسی حکومت کی ناکامی کے خوف سے جان بوجھ کر جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات میں تاخیر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر میں ریاست کا درجہ بحال کرنے کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے اسمبلی انتخابات کے بعد ریاستی درجے کی بحالی کا ذکر کیا۔ڈاکٹر نواب نے کہا مرکزی وزیرِ داخلہ کا یہ بیان جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے مایوس کن ہے جو ریاست کی جلد از جلد بحالی کی توقع کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف بی جے پی جلد از جلد ریاست کا درجہ بحال کرنے کا یقین دلاتی ہے لیکن مرکزی وزیر داخلہ نے ریاستی حیثیت کی بحالی کا جو بیان جاری کیا ہے وہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے لیے پریشان کن ہے۔ڈاکٹر نواب نے مزید کہا کہ بی جے پی حکومت جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست کا درجہ بحال کرے تاکہ عوام میں پھیلی الجھن کا خاتمہ ہوسکے۔انہوں نے یہ بھی رائے دی کہ بی جے پی کو جموں و کشمیر میں جلد از جلد اسمبلی انتخابات کروانے چاہیے تاکہ جمہوریت بحال ہو اور عوام کی منتخب حکومت اقتدار سنبھالے جو عوامی شکایات کے ازالے اور جمہوری سیٹ اپ کی بحالی کے لیے وقت کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر نواب ناصر نے مزید کہا کہ بی جے پی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات میں تاخیر کر رہی ہے کیونکہ وہ اپنی عوام دشمن پالیسیوں اور جموں و کشمیر کو غیر یقینی اور افراتفری کی حالت میں دھکیلنے کے لیے عوام کے ردعمل سے بخوبی واقف ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لئے پوری طرح تیار ہے اور اگلے اسمبلی انتخابات میں عوام جموں کشمیر میں عام آدمی پارٹی کی عوامی دوست حکومت کو منتخب کریں گی۔