یواین آئی
ڈلاس/ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے پیر کے روز فٹبال کی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب رقم کرتے ہوئے ورلڈ کپ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کر لیا۔ انہوں نے آسٹریا کے خلاف 2-0 کی فتح میں دو گول کیے ، جس کے بعد ورلڈ کپ میں ان کے مجموعی گولوں کی تعداد 18 ہو گئی۔میسی نے گزشتہ ہفتے الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک کرکے جرمنی کے سابق اسٹار میروسلاو کلوزے کے 16 گولوں کے ریکارڈ کی برابری کی تھی، جبکہ آسٹریا کے خلاف دو گول کرکے وہ اس ریکارڈ سے آگے نکل گئے ۔ ان کی کارکردگی نے ارجنٹینا کو ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔دوسری جانب فرانس کے سپر اسٹار کیلیان ایمباپے نے بھی شاندار کھیل پیش کیا۔ انہوں نے عراق کے خلاف 3-0 کی کامیابی میں دو گول اسکور کیے ۔ شدید طوفانی بارش کے باعث میچ کا دوسرا ہاف تقریباً دو گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا، مگر اس کے باوجود ایمباپے نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔
ایمباپے کے ورلڈ کپ گولوں کی مجموعی تعداد اب 16 ہو گئی ہے ، اور وہ میروسلاو کلوزے کے سابقہ ریکارڈ کے برابر آ گئے ہیں۔ 27 سالہ فرانسیسی فارورڈ موجودہ ورلڈ کپ میں چار گول کر چکے ہیں اور گولڈن بوٹ کی دوڑ میں میسی سے صرف ایک گول پیچھے ہیں۔میسی اور ایمباپے کے درمیان مقابلہ 2026 کے ورلڈ کپ کی سب سے دلچسپ کہانیوں میں شامل ہو چکا ہے ۔ ایک طرف میسی اپنی ریکارڈ ساز کامیابیوں سے تاریخ رقم کر رہے ہیں، جبکہ دوسری طرف ایمباپے نئی نسل کے نمائندہ بن کر مستقبل کے تمام بڑے ریکارڈز کو چیلنج کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ناک آؤٹ مرحلے کے قریب آتے ہی دونوں کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کی امیدوں کا مرکز ہیں اور انفرادی اعزازات کی دوڑ میں بھی نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔