سرینگر // وادی کے 6بڑے اسپتال ، جو سرینگر میں کام کررہے ہیں،میں کوویڈ میں مبتلا مریضوں کےلئے رکھے گئے 1065بستروں میں صرف 111بستر خالی پڑے ہیں۔ ان اسپتالوں میں زیر علاج 954متاثرین میں سے 862کو آکسیجن کی ضرورت ہے جبکہ 10مریضوں کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کی دوسری لہر کے ابتدائی 40دنوں کے دوران سرینگر ضلع میں متاثرین میں مجموعی تعداد26ہزار سے زائد کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد53ہزار835تک پہنچ گئی۔سرینگر میں قائم وادی کے 6بڑے اسپتالوں میں 31مارچ کو کورونا متاثرین کیلئے 830بستر مخصوص رکھے گئے تھے جن پر صرف 113مریض زیر علاج تھے۔ 40دنوں کے عرصے کے دوران ان سرکاری اسپتالوں میں کورونا متاثرین کےلئے مزید280بستروں کا اضافہ کیا گیا اور یہ تعداد 1110تک پہنچ گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 987 مریض فی الوقت مختلف سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہےں اوراب6بڑے اسپتالوں میں محض 123بستر خالی پڑے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صدر اسپتال سرینگر میںکورونا متاثرین کیلئے 282بستر مخصوص رکھے گئے،جن پر مریض موجود ہیں اور یہاں کوئی بستر خالی نہیں ہے۔صدر اسپتال میں 271آئیسولیشن بیڈ ہیں جن پر مریض زیر علاج ہیں جن میں سانس لینے کیلئے 270کو آکسیجن کی ضرورت پڑتی ہے جبکہ یہاں کے 11آئیسولیشن بیڈوں میں 8پر مریض موجود ہے جو وینٹی لیٹر کی مدد سے زندہ ہے۔ سکمز صورہ میں 285بستروں کو کورونا متاثرین کیلئے مخصوص رکھا گیا، جن میں 282پر مریض موجود ہیں جبکہ صرف 3خالی پڑے ہیں۔ 277آئیسو لیشن بیڈوں میں 274پر مریض موجود ہیں جنہیں سانس لینے کیلئے آکسیجن کی ضرورت پڑتی ہے جبکہ یہاں دستیاب 8آئی سی یو بیڈوں میں صرف ایک مریض موجود ہیں جو وینٹی لیٹر کی مدد سے زندہ ہے۔سکمز بمنہ میں کووویڈ متاثرین کےلئے کل 154بیڈ مخصوص رکھے گئے ہیں۔یہاں 119مریض زیر علاج ہیں، جبکہ35بیڈ خالی ہیں۔یہاں 150آئیسولیشن بیڈ ہیں ، جن میں سے 88کو آکسیجن کی ضرورت ہے۔ یہاں 61وینٹی لیٹر بیڈ ہیں جو سبھی خالی ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں 94بستر متاثرین کیلئے دستیاب ہےں لیکن یہاں 91پر مریض موجود ہےں جبکہ 3بستر خالی پڑے ہیں۔ سی ڈی اسپتال کے 94بستروں میں 77آئیسولیشن بیڈ بھی شامل ہیں جن میں74مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت پڑتی ہے جبکہ یہاں کے 17آئی سی یو بیڈوں میں موجود مریضوں میں صرف ایک کو وینٹی لیٹر کی ضرورت ہے۔ کشمیر ویلی نرسنگ ہوم میں 50بستروں کو کورونا متاثرین کیلئے دستیاب رکھا گیا ہے جن میں46پر مریض موجود ہیں جبکہ4بستر خالی پڑے ہیں۔ نرسنگ ہوم میں 50آئیسولیشن بیڈوں میں سے 42پر مریض ہیں، جنہیں آکسیجن کی ضرورت پڑتی ہے جبکہ یہاں کوئی آئی سی یو بیڈ نہیں ہے۔ جواہر لال نہرو میموری اسپتال رعناواری میں کورونا متاثرین کیلئے مخصوص بستروں کی تعداد 150سے بڑھاکر 200کردی گئی ہے۔ اسپتال میں 134مریض زیر علاج ہیں جبکہ یہاں 66بستر ابھی خالی ہے۔رعناواری اسپتال کے 200بیڈوںمیں 187آئیسولیشن بیڈ بھی شامل ہیں جن میں 114مریضوں کو آکسیجن کی ضرورت پڑتی ہے جبکہ 13آئی سی یو بستروں میں کوئی بھی وینٹی لیٹر پر نہیں ہے۔