سرینگر/جمعہ بعددوپہر شمالی اورجنوبی کشمیر کے کئی علاقوں میں تیز ہوائوں اورطوفانی ژالہ باری نے میوہ باغات اورکھیت کھلیانوں میں پھلوں ،فصلوں اورسبزیوں کوبھاری نقصان پہنچایا ۔محکمہ موسمیات نے کشمیروادی کیساتھ ساتھ جموں صوبہ کے کچھ علاقوں میںسنیچرکی صبح تک تیز ہوائیں چلنے اورژالہ باری ہونے کاامکان ظاہرکیا تھا ۔بارہمولہ کے حاجی بل علاقے میں تیز ہوائوں اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ رفیع آباد کے کئی دیہات میں بھی شدیدژالہ باری ہونے کیساتھ ساتھ تیزہوائیں بھی چلیں اورموسلادار بارشیں بھی ہوئیں ۔ حاجی بل کے علاوہ رفیع آباد اورٹنگمرگ میں بھی شدیدژالہ باری بھی ہوئی ۔ مشتاق الحسن کے مطابق ٹنگمرگ کے واتل پورہ، ریشی پورہ، اور کھی پورہ میں جمعہ کی سہ پہر موسم خراب ہونے کے ساتھ ہی قہر انگیز ژالہ بھاری سے میوہ باغات کو زبردست نقصان پہنچا ۔ جبکہ سبزی کی کاریاں تہس نہس ہوگئیں ۔ پانپور سمیت جنوبی کشمیرکے کئی علاقوں میں بھی شدیدژالہ باری ہوئی ۔متاثرہ علاقوں بشمول پانپورمیں میوہ باغات کے ساتھ ساتھ کھیت کھلیانوں میں تباہی مچ گئی ۔