سرینگر //پیر پنچال کے آر پار میدانی علاقوں میں بارشیں اور بالائی علاقوں میں برف باری کے نتیجے میں معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئی ۔جمعرات کو دن بھر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ بالائی علاقوں بشمول گلمرگ،سونہ مرگ،نستہ چھن گلی ، زیڈ گلی ، شمس بھری ، پھرکیاں ٹاپ ،پیر کی گلی ، زوجیلا میں وقفہ وقفہ سے برف باری ہوتی رہی ۔محکمہ موسمیات کے ڈائر یکٹر سونم لوٹس نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ آج سے موسم میں بہتری کا مکان ہے اور اس مہینے کے آخر تک کوئی بڑی تبدیلی رونما نہیں ہوگی۔ادھر ندی نالوں میں پانی کی سطح میں معمولی اضافہ ہوا ہے البتہ محکمہ فلڈ کنٹرول کا کہنا ہے کہ ابھی پانی کی سطح خطرے کے نشان سے کافی کم ہے اور سیلاب کا کوئی خطرہ نہیںہے ۔مشتاق الحسن نے ٹنگمرگ سے اطلاع دی ہے کہ گلمرگ کے ساتھ ساتھ ٹنگمرگ اور بابا ریشی میں بھی تازہ برفباری ہوئی۔صبح سویرے شدید بارشوں کے بعد اچانک برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جو سہ پہر سے شام تک جاری رہا۔ گلمرگ میں شام تک قریب سات انچ تازہ برف ریکارڈ کی گئی تھی۔ادھر باباریشی اور ٹنگمرگ میں ہلکی برفباری ہوئی۔محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق سرینگر میں جمعرات کو صبح 8بجے سے شام 5بجے تک 27.7ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ قاضی گنڈ میں 8.2ملی میٹر ،پہلگام میں 12.0ملی میٹر ،کپوارہ میں 9.0ملی میٹر ،کوکرناگ میں 6.8ملی میٹر اور گلمرگ میں 21.2ملی میٹر بارش کے برابر بارف ریکارڈ کی گئی ۔کنگن سے نمائندے غلام نبی رینہ کے مطابق جمعرات کی صبح سے ہی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ زوجیلا، گومری،منی مرگ، سونہ مرگ، گگن گیر ،کلن ،گنڈ میں تازہ برفباری کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے۔ زوجیلا میں 7 انچ،سونہ مرگ6انچ، گگن گیر 4 انچ، کلن گنڈ میں 3 انچ اورگمری میں 5انچ برف ریکارڈ کی گئی ۔اس دوران دراس سے سرینگر کی طرف 77ٹاٹا موبائل گاڑیوں کو روانہ کیا گیا جبکہ سونہ مرگ سے کسی بھی گاڑی کو کرگل کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔ادھر کپوارہ سے اشرف چراغ نے اطلاع دی ہے ضلع کے بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی جبکہ کئی ایک علاقوں میں پسیاں اور پتھر بھی گر آئے ۔ کرناہ کپوارہ اور کیرن سڑکیں اگرچہ گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے کھلی رہیں، البتہ کرناہ کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی۔