جنیوا// دنیا بھر میں جان لیوا اور مہلک کورونا وائرس کووڈ۔19 کے متاثرین کی تعداد ڈیڑھ کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 6 لاکھ 33ہزار سے زائد ہے ۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں ایک لاکھ 44 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔دیگر شدید متاثرہ ممالک میں برازیل، ہندوستان ، روس اور جنوبی افریقہ شامل ہیں۔ گزشتہ سال کے اواخر میں چین سے پھیلنے والے اس مرض سے اب تک دنیا بھر میں 88 لاکھ سے زائد افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سنٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 4005414 ہوگئی ہے اور تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جان لیوا وائرس سے تقریباً 143820 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔کیلیفورنیا 421857 کیسز کے ساتھ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست ہے ۔ اس سے قبل زیادہ تر کیسز نیو یارک آرہے تھے ۔جنوبی امریکی ملک برازیل میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59961 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد کورونامتاثرین کی تعداد بڑھ کر 2287475ہوگئی ہے ۔جمعرات کو وزارت صحت نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران 1311 افراد کی ہلاکت کے بعد ملک میں کورونا سے اموات کی تعداد بڑھ کر 84082 ہوگئی ہے جب کہ اس وبا کے آغاز کے بعد سے اب تک تقریباً 15 لاکھ 70 ہزار افرادشفایاب ہوچکے ہیں۔ایک روز قبل برازیل میں ایک ہی دن میں 678600افراد کورونا سے متاثر ہونے اور 1284 مریضوں کی موت ہوگئی تھی۔ ارجنٹائنا میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس کے 6127 نئے کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 148027ہوگئی۔ وزارت صحت کے مطابق ایک روز قبل ہی ملک میں کورونا کے ریکارڈ 5782کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور 98افراد کی موت ہوئی تھی۔ وزارت نے جمعرات کے روز جاری ایک بلیٹن میں کہا ’’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 6127 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے ، جس کے بعد ملک میں 148027 افراد اس جان لیوا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں‘‘۔وزارت نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران 110مزید مریضوں کی ہلاکت کے بعد کورونا سے اموات کی تعداد 2702 ہوگئی ہے ۔ ترکی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عالمی وبا کورونا وائرس کے 913 نئے کیسز کی رپورٹ کے بعد ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 223315ہوگئی۔یہ اطلاع دیتے ہوئے وزیر صحت فرحتین کوکا نے بتایا کہ اس عرصے کے دوران18 مریضوں کی ہلاکت کے بعد ملک میں کورونا سے ہلاک شدگان کی تعداد 5563ہوگئی ہے ۔میکسیکو میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس ‘کووڈ ۔19’ کی وجہ سے 718 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ، جس سے وبائی اموات سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 41908 ہوگئی ہے اور 8438 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 370712 ہوگئی ہے ۔