سرینگر// نیشنل کانفرنس نے بربر شاہ میں ہوئے دھماکے کی مذمت کی ہے اور شہری کے جاں بحق ہونے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لواحقین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تشدد کی کوئی بھی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے دھماکے سے زخمی ہوئے افراد کی فوری صحتیابی کیلئے دعا کی اور حکومت پر زور دیا کہ زخمی افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، جنرل سکریٹری علی محمد ساگراور دیگر لیڈران نے بھی واقع کی مذمت کی ہے۔ادھر اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے گرینیڈحملہ کی مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں بخاری نے حملہ کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہاکہ تشدد سے کبھی کوئی حل نہیں نکلا بلکہ اِس سے سماج میں صرف معصوموں کا خون بہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتہاپسند طاقتیں ایسی حرکات سے صرف لوگوں کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہیں۔ بلالحاظ سیاسی، نظریاتی اور مذہبی ترغیبات سے قطع نظر تشدد کسی بھی صورت میں قابل ِ قبول نہیں۔ انہوں نے کہاکہ بے سمت تشدد نے جموں وکشمیر میں سماج کے سبھی حلقوں کو نقصان پہنچا ہے اور قیمتی جانیں تلف ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اِس طرح کے واقعات سے تشدد کی سراسر غیرانسانی اور مضحکہ خیز نوعیت کا پتہ چلتا ہے جس میں راہگیر بھی ، جو اپنی روزمرہ کی کی مشکلات میں مبتلاتھے، کو سرِ راہ چلتے اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حرکتیں انتہائی قابل مذمت ہیں۔غمزدہ کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بخاری نے مرحوم کی روح کی شانتی اور لواحقین کیلئے صبر وجمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی سوگوار کنبہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہے۔ حکومت سے گذارش ہے کہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج فراہم کیاجائے تاکہ اُن کی جلد صحت یابی ممکن ہوسکے۔