عوام بغیر شناخت ظاہرکئے منشیات سے متعلق معلومات فراہم کر سکیں گے:ڈی سی
سمت بھارگو
راجوری//نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان کے تحت ضلع انتظامیہ راجوری نے منشیات کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم اور اصلاحی قدم اٹھاتے ہوئے ضلع کے تمام تحصیل ہیڈکوارٹرز پر خفیہ معلوماتی بکس نصب کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان براہِ راست اور محفوظ رابطہ قائم کرنا ہے تاکہ منشیات کے کاروبار اور اس سے جڑی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی کو مضبوط بنایا جا سکے۔ضلعی حکام کے مطابق یہ بکس اس طرح سے نصب کیے گئے ہیں کہ شہری بغیر کسی خوف یا دباؤ کے خفیہ طور پر معلومات فراہم کر سکیں۔ اس نظام کے تحت کوئی بھی شخص منشیات فروشوں، غیر قانونی ذرائع سے حاصل کی گئی جائیدادوں یا دیگر متعلقہ سرگرمیوں کے بارے میں معلومات ایک کاغذ پر لکھ کر ان بکس میں ڈال سکتا ہے، جس سے اس کی شناخت مکمل طور پر پوشیدہ رہے گی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف عوام کے تحفظ کے خدشات دور ہوں گے بلکہ وہ لوگ بھی آگے آئیں گے جو پہلے اپنی شناخت ظاہر ہونے کے ڈر سے معلومات فراہم کرنے سے گریز کرتے تھے۔ اس طرح یہ قدم منشیات کے خلاف جاری جنگ میں ایک مؤثر ہتھیار ثابت ہوگا۔ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے اس موقع پر کہا کہ یہ اقدام عوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے شروع کیا گیا ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آنے کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا، ‘‘اب شہری اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر اہم معلومات فراہم کر سکتے ہیں، جس سے متعلقہ حکام کو بروقت کارروائی کرنے میں مدد ملے گی۔’’انہوں نے مزید کہا کہ ضلع انتظامیہ کا عزم ہے کہ راجوری کو منشیات سے پاک ضلع بنایا جائے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ان معلوماتی بکس کا استعمال کرتے ہوئے منشیات کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف منشیات کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ معاشرے میں ایک مثبت اور محفوظ ماحول کے قیام کی جانب بھی ایک اہم پیش رفت ہوگی۔
گگڑیاں ہائی سکول میں نشہ مخالف بیداری مہم
سماج میں شعور پیدا کرنے کیلئے طلباء نے ریلی نکالی
سماج میں شعور پیدا کرنے کیلئے طلباء نے ریلی نکالی

محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ گگڑیاں میں واقع گورنمنٹ ہائی سکول گگڑیاں میں نشہ مکت ابھیان کے تحت ایک جامع اور بامقصد پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس پروگرام کا مقصد نوجوان نسل کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور ایک صحت مند و باوقار معاشرے کے قیام کی جانب عملی قدم اٹھانا تھا۔تقریب کے دوران اساتذہ نے اپنے خطابات میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناسور نہ صرف نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کر رہا ہے بلکہ پورے معاشرے کے لیے سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس برائی کے خلاف نہ صرف خود محفوظ رہیں بلکہ دوسروں کو بھی اس کے نقصانات سے آگاہ کریں۔پروگرام کی خاص بات طلبہ کی جانب سے نکالی گئی ایک پْرجوش بیداری ریلی تھی، جس میں بچوں نے ہاتھوں میں مختلف پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ان پلے کارڈز پر منشیات کے خلاف مؤثر اور بیدار کن نعرے درج تھے، جن کے ذریعے عوام کو اس خطرناک لعنت کے خلاف پیغام دیا گیا۔ ریلی اسکول سے شروع ہو کر ملحقہ علاقوں سے گزری، جہاں شہریوں نے طلبہ کے اس اقدام کو سراہا اور ان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔مقامی افراد نے اس موقع پر کہا کہ اس طرح کے پروگرام وقت کی اہم ضرورت ہیں، کیونکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا ہی معاشرے کو منشیات جیسے مسائل سے بچا سکتا ہے۔انہوں نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ اس طرح کی مہمات کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ منشیات کے خلاف یہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور معاشرے کے ہر فرد کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور روشن مستقبل فراہم کیا جا سکے۔
عوامی تحریک نے ساج میں’نشہ مکت جموں و کشمیر‘مہم کا آغاز کیا
نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی مانگ
عظمیٰ نیوز سروس

راجوری//اجوری کے علاقے ساج میں عوامی تحریک کی جانب سے ’نشہ مکت جموں و کشمیر‘ مہم کے تحت ایک اہم بیداری پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں کو منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف متحرک کرنا تھا۔ اس پروگرام میں انتظامیہ، سیکورٹی فورسز، تعلیمی اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی نمایاں شرکت دیکھنے کو ملی۔تقریب میں مہمانانِ خصوصی کے طور پر ایس ڈی ایم تھنہ منڈی عابد حسین، جے اینڈ کے وقف بورڈ کے ایگزیکٹو آفیسر عبد قیوم میر، فوج کی 43 راشٹریہ رائفلز کے نمائندے، نائب تحصیلدار ساج، گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول ساج کی پرنسپل سائرہ چودھری اور گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد سمیت کئی معزز شخصیات شریک ہوئیں۔ پروگرام کی نظامت روہی بھٹی نے انجام دی۔اپنے خطاب میں عوامی تحریک کے صدر وقار ایچ بھٹی نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی جانب سے شروع کی گئی منشیات مخالف مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نوجوان نسل کو محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم اور دور اندیش قدم ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان کی تنظیم اس مہم میں انتظامیہ کے شانہ بشانہ کھڑی ہے تاہم انہوں نے نوجوانوں کی پائیدار بحالی کے لیے کھیلوں کے فروغ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دیہی علاقوں میں کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر 8 سے 10 پنچایتوں کے لیے ایک بڑا اسپورٹس اسٹیڈیم قائم کیا جانا چاہیے تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔وقار بھٹی نے کہاکہاکہ ’ اگر ہم اپنے بچوں کو کھیل کے میدان فراہم کریں گے تو وہ خود بخود منشیات سے دور رہیں گے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں کو اسٹیڈیم میں دیکھنا ہے، نہ کہ نشے کی لت میں مبتلا‘۔پروگرام کے اختتام پر ساج کے نوجوانوں نے منشیات سے پاک معاشرہ قائم کرنے کا عہد کیا۔ عوامی تحریک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ضلع میں تعلیم، صحت اور کھیلوں کی سہولیات کے فروغ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔