نئی دہلی// جموں و کشمیر میں ساڑھے تین ہزار میٹر بلندی پر زوجیلا درہ میں قومی شاہراہ نمبر ایک پر زیرتعمیر سرنگ ہر موسم میں سری نگر اور لیہہ کے درمیان سہولت پر مبنی آمد و رفت کے ساتھ ہی ملک کی شمالی سرحدوں کی حفاظت کے لیے بھی دفاعی طور پر اہم ثابت ہوگی۔زوجیلا درہ پر زیر تعمیر سرنگ سرینگر کوکرگل اور لیہہ سے جوڑے گی۔ سری نگر سے لیہہ پہنچنے میں تین دن سے زیادہ کا وقت لگتا ہے اور زیادہ برفباری کے سبب سردیوں میں اس راستے کو چھ ماہ کے لیے بند کیا جاتا ہے جس کے سبب لیہہ لداخ ملک کے باقی حصے سے ایک طرح سے کٹ جاتا ہے ۔زوجیلا میں سرنگ پر تعمیراتی کام کاآغاز روڈ ٹرانسپورٹ اور نیشنل ہائی وے کے وزیر نتن گڈکری نے اکتوبر 2020 میں ورچول ذریعے سے بلاسٹ کر کے کیاتھا اور اگلے ہفتے کی شروعات میں وہ موقع پر جا کر سرنگ کی تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیں گے ۔ سرنگ پر کام پورا ہونے کے بعد یہ راستہ 12 ماہ کھلا رہے گا اور اس سے نہ صرف عام لوگوں کو فائدہ ہوگا بلکہ فوج کو بھی اسٹریٹجک فائدہ ملے گا۔ فوج کی گاڑیاں اور ساز و سامان سال بھر سری نگر سے کرگل، لیہہ اور لداخ تک اس راستے سے آمد و رفت کر سکیں گی۔