سرینگر//نوشہرہ نالہ بل کی اندرونی رابطہ سڑکیں گزشتہ دو سال سے کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہیں جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو عبور و مرور میں گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نوشہرہ سے ملحقہ علاقہ شفیہ باغ نالہ بل رابطہ سڑک گزشتہ دو سال سے کھنڈرات میں تبدیل ہوجانے سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ رواں سال کڑاکے کی سردی نے رہی سہی کسر پوری کردی کیونکہ سڑک درمیان میں سے دب جانے سے عبور و مرور میں دقت درپیش آرہی ہے ۔شفیہ باغ کے مقامی شہریوں نے بتایا کہ پچھلے دو سال سے اونتہ بھون سے نالہ بل نوشہرہ رابطہ سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوگئی ہے جبکہ سڑک درمیان میں سے دب جانے سے گاڑی چلانے والوں کے ساتھ ساتھ راہگیروں کو بھی گوناگوں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بارے میں متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا تھا تاہم اس جانب کسی نے غورنہیں کیا۔لوگوں نے مطالبہ کیا کہ جب تک اس رابطہ سڑک پر میکڈیم نہیں بچھایا جاتا تب تک کسی حد تک مرمت کرکے قابل استعمال بنائی جائے ۔