یو این آئی
لندن/انگلینڈ کے سابق کپتان اور معروف کرکٹ کمنٹیٹر ناصر حسین نے ٹی-20 ورلڈ کپ میں ہندوستان میں نہ کھیلنے کے بنگلہ دیش کے فیصلے اور ہندوستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے پاکستان کے فیصلے کی حمایت کی ہے ۔ناصر حسین نے اس معاملے پر بنگلہ دیش کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کی تعریف بھی کی ہے ۔انگلینڈ کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر مائیک ایرتھٹن سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین نے کہا،”مجھے بنگلہ دیش کا اپنے فیصلے پر قائم رہنا پسند آیا۔ انہوں نے اپنے کھلاڑی مستفیض الرحمٰن کے لئے آواز اٹھائی، اور مجھے پاکستان کا رویہ بھی اچھا لگا۔ چاہے یہ معاملہ سیاسی ہی کیوں نہ ہو، لیکن بنگلہ دیش کے حق میں پاکستان کا کھڑا ہونا قابلِ ستائش ہے ۔”ناصر حسین نے تمام ممالک کے ساتھ یکساں برتاؤ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کی سب سے طاقتور کرکٹ قوت سمجھے جانے والے ہندوستان سے زیادہ متوازن رویے کی توقع کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا،”آپ نہ ہاتھ ملاتے ہیں اور نہ ہی ٹرافی وصول کرتے ہیں۔ اگر پاکستان اور بنگلہ دیش کے ساتھ آپ کا رویہ اسی طرح رہا تو کرکٹ کو شدید نقصان پہنچے گا۔”