جموں// جموں میں نائب وزیر اعلیٰ کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے دوران گاڑی میں سوار محکمہ اطلاعات کا ایک کیمرہ مین لقمہ اجل بن گیا جبکہ دیگر 5افراد بری طرح سے زخمی ہو ئے جنہیں علاج و معالجہ کے لئے اسپتال منتقل کیا گیا ۔یہ دلدوز سڑک حادثہ اس وقت پیش آیا جب نائب وزیر اعلیٰ کویندر گپتا کے قافلے میں شامل ایک سفاری کار(JK02BF-2170) لنگرعلاقہ سے سومیٹری کی دوری پر اُس وقت حادثے کاشکارہوکرنہرمیں جاگری جب وہ نائب وزیراعلیٰ کی گاڑی کے پاس پہنچ کران سے سبقت لینے کی کوشش کرنے لگی ۔اس دوران سفاری کارسڑک سے لڑھک کر نہرمیں جاگری جس کے نتیجے میںجس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 4افراد زخمی ہو ئے جن میں سے محکمہ اطلاعات میں کیمرہ میں کی حیثیت سے کام کر رہے سورم سنگھ اسپتال لے جاتے ہو ئے زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڈ بیٹھا ۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ دوزخمیوں سدیش کمار (38) ولد منگت رام ساکن ڈگیانہ ،سٹیٹ موٹرگیراج ملازم (ڈرائیور) اوروشال (30) ولد ست پال ساکن تریکوٹہ نگرپی ایس او برائے نائب وزیراعلیٰ کوعلاج ومعالجہ کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج جبکہ ساحل شرما ولد رمیش شرما ساکن کنال روڈ جموں کوگورنمنٹ ہسپتال گاندھی نگرسے ابتدائی علاج ومعالجہ کے بعدگھربھیج دیاگیاہے۔پولیس سٹیشن گنگیال کے ذرائع کے مطابق یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب نائب وزیراعلیٰ کویندرگپتا،لنگرعلاقہ سے ایک سڑک کا افتتاح کرنے کی تقریب کے بعدواپس لوٹ رہے تھے۔نائب وزیراعلیٰ کویندرگپتانے جموں میڈیکل کالج کادورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی اورہسپتال انتظامیہ کوانہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔
جموں اور سرینگر میں تعزیتی میٹنگیں منعقد
محکمہ اطلاعات کے ملازمین کا اظہار رنج و غم
جموں//محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نے محکمہ کے کیمرہ مین سورم سنگھ کے حادثاتی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔سورم سنگھ کے لواحقین میں ان کی اہلیہ اور دو بچے ہیں۔ڈی آئی پی آر کے دوسرے ملازم گوروگپتا جو اسی گاڑی میںسفر کر رہے تھے اس حادثے میں بال بال بچ گئے۔ڈی آئی پی آر کے ملازمین نے اپنے ساتھی کی وفات پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔سورم سنگھ انتہائی شریف ، نیک ،خوش اخلاق اور اپنے فرائض منصبی کو بہتر طریقے پر نبھانے والے ملازم تھے۔ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں / کشمیر میں الگ الگ تعزیتیں میٹنگیں منعقد ہوئیں جن کی صدارت ناظم اطلاعات منیر الاسلام ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں نریش کماراور جوائنٹ انفارمیشن کشمیر ساجد یحییٰ نقاش نے انجام دیں۔ محکمہ کے تمام افسران اور ملازموں جن میں ڈپٹی ڈائریکٹرس شیخ ظہور ، اٹل گپتا، اولین کوراور راکیش گپتا ، چیف فوٹو آفیسر محمد یاسین اور فوٹو آفیسر جاوید احمد شامل ہیں نے تعزیتی میٹنگوں میں شرکت کی۔تمام افسران اور ملازمین نے غمزدہ کنبے کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیااور سورم سنگھ کی آتما کے لئے شانتی کے لئے دعا کی۔سورم سنگھ کی وفات کی خبر سنتے ہی ناظم اطلاعات منیر الاسلام فوراً جموں کی طرف روانہ ہوئے تاکہ وہ سورم سنگھ کے آخری رسومات میں شرکت کرسکیںاور غمزدہ کنبے کے ساتھ اپنی ذاتی تعزیت کا اظہار کریں۔
وزیراعلیٰ کا اظہار رنج
سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جموں میں اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے ایک سڑک حادثے کے دوران کیمرہ مین سورم سنگھ کی ہلاکت پر گہرے دُکھ اور صدمے کا اظہا رکیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے سوگوارکنبے کے ساتھ ہمددی کا اظہار کرتے ہوئے آنجہانی کی شانتی کے لئے دعا کی۔انہوں نے سڑک حادثے میں زخمی ہوئے افراد کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہا رکیا۔دریں اثنا محبوبہ مفتی نے سرینگر میں اپنے فرائض انجام دینے کے دوران زخمی ہونے والے فوٹو جرنلسٹس کے ساتھ بھی ہمدردی کا اظہار کیا۔