تھنہ منڈی//تھنہ منڈی کی بے روزگار یونین اور انٹک نے میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی پر بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیاہے۔ انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس اور تھنہ منڈی کی بے روزگار یونین نے بدھ کے روز میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے گیٹ پر احتجاج کیا اور میونسپل حکام کے خلاف نعرہ بازی کی۔انٹک کے ضلع صدر طاہر احمد شال، جاوید احمد، محمد رفیق،اشفاق احمداور محمد عرفان وغیرہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی میں حکام نے ان گنت کیجول لیبر اور نیڈ بیس ورکرز بھرتی کئے ہیں، اس بھرتی عمل میں ان افراد کو بھرتی کیا گیاہے جو حکام کے گھروں میں برتن دھونے کاکام کرتے ہیںیا ان کے مال مویشیوں کی دیکھ ریکھ کرتے ہیں ۔ مظاہرین کا کہناتھاکہ میونسپل حکام نے اپنے رشتہ داروں اور چند منظور نظر عارضی ملازمین کے نام آن لائن کئے ہیں اور وہ عارضی ملازمین جو زمینی سطح پر کام کر رہے ہیں، کے ساتھ نا انصافی برتی گئی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ پچھلے سات آٹھ سال سے کام کرنے والے عارضی ملازمین کی فہرستوں کو آن لائن کرنے کے بجائے ان کے نام ہی غائب کردیئے گئے ہیں۔ انٹک صدرنے کہا کہ میونسپل کمیٹی میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے اور گزشتہ کئی برسوںسے کام کررہے عارضی ملازمین کو ان کا حق دیاجائے ۔انہوںنے کہا کہ میونسپل حکام نے تمام قوانین کو بالائے طاق رکھ کر اپنے رشتہ داروں کو مستقل کیاہے جبکہ مستحقین کا حق مار لیاگیاہے ۔انہوںنے نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ اورڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری سے اپیل کی کہ میونسپل کمیٹی کے کاموں پر تحقیقات کروائی جائے اور بے ضابطگیوں میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ اس ضمن میں بات کرتے ہوئے ایگزیکٹو آفیسر میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کبیر احمد ملک نے بتا یا کہ محکمہ لوکل باڈیز جموں وکشمیر کے حکمنامے کے مطابق دو روز قبل با ئیو میٹرک حاضری کا آغاز ہوا جس سے معلوم ہو جائے گا کہ میونسپل کمیٹی میں عارضی اور مستقل ملازمین کی تعدادکتنی ہے۔ انہوں نے ملازمین کی تعداد بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہاکہ ڈپٹی کمشنر دفتر راجوری میں میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے آن لائن عارضی ملازمین کی فہرست موجود ہے۔