مینڈھر //مینڈھر قصہ میں محکمہ سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی کی جانب سے نصب کی گئی سٹریٹ لائٹس کو خراب ہوئے کئی عرصہ بیت گیا ہے لیکن ابھی تک متعلقہ محکمہ کی جانب سے ان لائٹس کی مرمت ہی نہیں کروائی جاسکی جس کی وجہ سے رات کی تاریکی میں عام لوگوں بالخصوص نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامناکرناپڑتا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے محکمہ دیہی ترقی کے اشتراک سے لائٹس نصب کی تھی لیکن کچھ ہی عرصہ میں تمام لائٹس خراب ہو گئی جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے ان کی مرمت کیلئے کوئی عملی قدم اٹھایا ہی نہیں گیا ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ لاکھوںروپے خرچ کرنے کے بعد مذکورہ لائٹس نصب کی گئی تھی لیکن محکمہ ان کی مرمت کیلئے سنجیدہ ہی نہیں ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ مذکورہ لائٹس کی جلد ازجلد مرمت کی جائے تاکہ عام لوگوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں ۔بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر مینڈھر نے بتایا کہ مذکورہ لائٹس کی مرمت کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر کی قیادت میں ایک خصوصی اجلاس ہوا تھا جس میں متعلقہ آفیسر کو طلب کر کے مرمتی کا حکم دیا گیا ہے ۔