مینڈھر //مینڈھر قصبہ کے محلہ چوکی میں محکمہ آب رسانی کی لاپرواہی سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ جل شکتی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ کئی دنوں سے واٹر لفٹ سپلائی سکیم کی موٹر خراب ہوئی ہے تاہم متعلقہ محکمہ کی جانب سے ابھی تک اس کی مرمت ہی نہیں کی جاسکی جس کی وجہ سے عوامی مشکلا ت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ ہائر سکینڈری سکول مینڈھر بوائز کے نزدیک قائم کر دہ واٹر سپلائی سکیم کی موٹر خراب ہونے کے بعد محکمہ کے میکینکل شعبہ کی جانب سے موٹر کی مرمت ہی نہیں کروائی جاسکی جس کی وجہ سے لوگ اب مجبور ہو کر مہنگے داموں پر پانی کی گاڑیاں خرید رہے ہیں ۔مکینوں نے بتایا کہ وہ 15سو روپے سے لے کر 2ہزار روپے کی پانی کی گاڑیاں خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم کی موٹر کی مرمت کے سلسلہ میں محکمہ جل شکتی کے میکینکل شعبہ سے کئی مرتبہ رجو ع کیا گیا لیکن محکمہ کی جانب سے نہ تو متبادل موٹر نصب کرنے کےلئے کوئی عملی کام کیا جارہا ہے۔محکمہ جل شکتی کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر نے بتایا کہ آج ہی نئی موٹر نصب کر دی جائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ موٹر مرمت کےلئے جموں بھیجی گئی تھی تاہم جموں میں صوبہ کے دیگر حصوں سے بھی خراب مشینری کی مرمت کی جاتی ہے جس کی وجہ سے موٹر کی مرمت و تنصیب میں تاخیر ہوئی ۔