گاندربل//ارشاد احمد//سردیوں کے موسم میں بیرون ممالک سے ہجرت کرکے گاندربل میں موجود قدرتی آبی پناہ گاہوں میں پرندوں کا غیر قانونی شکار کرنے والوں شکاریوں کے خلاف پولیس کارروائی کے دوران 12 بورلائسنس یافتہ بندوقیں ضبط کی ہیں۔چند روز قبل پولیس کارروائی کے دوران مہاجر پرندوں کا غیر قانونی شکار کرنے والے دو شکاریوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔شکاریوں کے خلاف مہم جاری رکھتے ہوئے ایس ایچ او کھیر بوانی اورچوکی انچارج شادی پورہ نے شالہ بگ اور پاری بل میں چھاپوں کے دوران مہاجر پرندوں کا غیرقانونی شکار کرنے والوں کیخلاف کارروائی شروع کی۔ان شکاریوں کیخلاف کیس زیرنمبر 11/21 زیر دفعات/ S 3/25 IA ایکٹ اور کیس زیر نمبر25/21زیر دفعات S 3/25 IA بالترتیب تھانہ کھیر بوانی اور تھانہ گاندربل میں درج کیا گیا۔ غیر قانونی شکار کرنے والے 5 افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی گاندربل خلیل احمد پوسوال نے ان افراد کو متنبہ کیا ہے جو لائسنس یافتہ ہتھیاروں سے ہجرت کرنے والے پرندوں کا شکارکر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پرندوں کے قتل سے نہ صرف کچھ خاص نسلوں کو خطرہ لاحق ہے بلکہ ماحولیات کا نظام بھی خراب ہورہا ہے اور مقامی لوگوں کا معاش بھی ختم ہونے کا خطرہ ہے۔