عظمیٰ ویب ڈیسک
- سری نگر// کاؤنٹر انٹیلی جنس کشمیر (سی آئی کے) نے2020میں درج ایک مقدمے کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں سابق صدر کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈاکٹر مبین احمد شاہ کی سری نگر کے بچھوارہ علاقے میں واقع 12 مرلہ اراضی کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ضبط کر لیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ کارروائی پولیس اسٹیشن سی آئئ کے میں درج ایف آئی آر نمبر 07/2020 کے تحت عمل میں لائی گئی۔ ضبطی کی کارروائی سی آئی کے کی ٹیم نے مقامی محکمہ مال کے حکام کی موجودگی میں انجام دی، جہاں موقع پر تمام ضروری قانونی دستاویزات بھی مکمل کیے گئے۔
ڈاکٹر مبین احمد شاہ، جو 2006 سے 2008 تک کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہ چکے ہیں، 2019 کے اواخر سے اپنے اہل خانہ کے ساتھ ملائیشیا میں مقیم ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی جاری تحقیقات کا حصہ ہے اور مقدمے میں آئندہ قانونی کارروائی قانون کے مطابق جاری رہے گی۔