عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/ / کشمیر مٹن ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کی مداخلت کے بعد جاری ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے بعد جموں و کشمیر کو بھیڑ بکریوں کی سپلائی دوبارہ بحال ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری معراج الدین نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ مویشیوں سے بھرے ٹرکوں کو ناکوں پر نہ روکا جائے اور ان کی آمد و رفت کو بلا رکاوٹ یقینی بنایا جائے۔
اس کے ساتھ ہی پنجاب کی مویشی منڈیوں کو بھی سپلائی دوبارہ شروع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ہڑتال ختم کر دی ہے۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ پنجاب پولیس کو ہماری گاڑیاں نہ روکنے کی ہدایت دی گئی ہے اور مویشی منڈیوں کو بھی سپلائی بحال کرنے کا کہا گیا ہے۔ تاہم معراج الدین نے کہا کہ ایسوسی ایشن ابھی پنجاب حکومت کے تحریری احکامات کا انتظار کر رہی ہے تاکہ زمینی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور یہ دیکھا جا سکے کہ ہدایات پر مکمل عمل درآمد ہو رہا ہے یا نہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند روز میں پنجاب سے جموں و کشمیر کے لیے مویشیوں کی ترسیل معمول کے مطابق دوبارہ شروع ہو جائے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے جاری ہڑتال کے باعث پنجاب سے جموں و کشمیر بھیڑ بکریوں کی سپلائی متاثر ہوئی تھی، جس سے وادی کشمیر میں مٹن کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا، خاص طور پر شادیوں کے سیزن کے دوران۔اس معاملے پر حکومت کو بھی مداخلت کرنا پڑی تھی۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰعمر عبداللہ نے اس سے قبل پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان سے رابطہ کرکے جموں و کشمیر کے مویشی تاجروں کے ساتھ ہونے والی کارروائی کو “غیر منصفانہ” قرار دیا تھا۔