مشتاق الاسلام
شوپیان// پولیس نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے شوپیان میںبھیڑ چوروں کے منظم نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران 51 چوری شدہ بھیڑیں برآمد کر لی گئیں، جبکہ دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق کیس ایف آئی آر نمبر 180/2025 کی تحقیقات کے دوران 44 چوری شدہ بھیڑیں برآمد کی گئیں۔ گرفتار کیے گئے دو ملزمان کی شناخت غلام محمد ڈار ولد غلام قادر ڈار اور محمد یوسف ڈار ولد غلام محمد ڈار، ساکنان جوالاپورہ، بڈگام کے طور پر ہوئی ہے، جو اس منظم نیٹ ورک کا حصہ بتائے جا رہے ہیں۔پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک اور کیس ایف آئی آر نمبر 183/2025 کے تحت 7 مزید بھیڑیں بازیاب کی گئی ہیں۔ اس گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار کارروائیاں جاری ہیں اور پولیس نے کہا ہے کہ جلد مزید گرفتاریوں کی توقع ہے۔ یہ کامیاب کارروائی تھانہ شوپیان کے ایس ایچ او اور پولیس پوسٹ کیگام کے انچارج کی قیادت میں انجام دی گئی، جس کی نگرانی ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز شوپیان،کر رہے تھے، جب کہ مجموعی آپریشن کی نگرانی ایس ایس پی شوپیان نے کی۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے جرائم کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ معاشرے میں امن قائم رکھا جا سکے۔